1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی سمٹ اور مہاجرین کا مسئلہ، کیا کھویا کیا پایا؟

20 ستمبر 2018

يورپ کی جانب غير قانونی ہجرت کو روکنے اور اس موضوع پر رکن ممالک کے مابين پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے مقصد سے آسٹريا ميں ايک دو روزہ سمٹ جاری ہے۔ اس سمٹ کے پہلے دن کوئی خاص پيش رفت نہیں ہو سکی۔

Mittelmeer MS Aquarius geretteter Bootsflüchtling
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/M. Panzetti

يورپی يونين نے ہجرت سے نمٹنے کے ليے مصر کے ساتھ تعاون پر اتفاق کيا ہے۔ يہ پيش رفت يورپی بلاک کے رکن ممالک کے رہنماؤں کی بدھ اور جمعرات کی رات سالزبرگ ميں ہونے والی بات چيت ميں ہوئی، جو بيس ستمبر کی شام اختتام پذير ہو رہی ہے۔ دو روزہ غير رسمی سمٹ کے پہلے دن کی پيش رفت پر بات کرتے ہوئے يورپی کميشن کے صدر ژاں کلود ينکر نے بتايا کہ مذاکرات ميں شامل ممالک نے پہلے دن کوئی خاص رعايت نہيں دی اور نہ ہی اپنے اپنے موقف ميں نرمی پيدا کی ہے۔

اٹلی، آسٹريا اور وسطی يورپ کی چند رياستوں کا موقف ہے کہ يورپی يونين کی جانب غير قانونی ہجرت کو روکنے کا واحد راستہ بلاک کی بيرونی سرحدوں کی زيادہ سخت نگرانی ہے۔ اس کے علاوہ يہ ممالک يورپی يونين کے رکن ملکوں ميں مہاجرين کی کوٹے کے تحت تقسيم کے بھی خلاف ہيں۔ بلاک کے ديگر ممالک ان اختلافات کا حل چاہتے ہيں تاکہ دائيں بازو کی عواميت پسند جماعتيں مزيد مقبول نہ ہوتی جائيں۔ آئندہ برس يورپی يونين کے اليکشن ہونے ہيں اور کئی يورپی ملکوں کی کوشش ہے کہ مہاجرین کے بحران اور اس سلسلے ميں اختلافات کو پہلے ہی حل کر ليا جائے تاکہ يورپی پارليمان کے ليے ہونے والے ان انتخابات ميں دائیں بازو کی قوتيں زيادہ نماياں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکيں۔

يہ امر اہم ہے کہ يورپ پہنچنے والے تارکين وطن کی تعداد ميں اس سال کمی ضرور آئی ہے تاہم يہ معاملہ ان دنوں سياسی سطح پر کافی گرم ہے۔ يورپی کميشن کے صدر ژاں کلود ينکر کے بقول جو ممالک مہاجرين کی تقسيم کے خلاف ہيں، ان پر بوجھ کسی اور صورت ڈالنا چاہيے۔ آسٹريا ميں سمٹ کے آغاز سے قبل ان کا کہنا تھا، ’’يورپ ميں يکجہتی کی ضرورت ہے۔ يہ محض ايک جملہ نہيں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ يورپی رہنماؤں کو ايک دوسرے پر انگلياں اٹھانے اور الزام تراشی کا سلسلہ ترک کر دينا چاہيے۔

اختلافات کے باوجود سمٹ ميں شريک تقريباً تمام ممالک کے نمائندگان نے غير قانونی ہجرت کے انسداد کے ليے مصر کے ساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق کيا ہے۔ اس بات پر بھی اتفاق کيا گيا کہ يورپی يونين اور عرب رياستوں کے مابين ايک سربراہی اجلاس کی ضرورت ہے، جو امکاناً آئندہ برس فروری ميں ہو سکتا ہے۔

مہاجرت کے مثبت پہلو اجاگر کیے جائیں، انیلا نور

02:38

This browser does not support the video element.

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں