یورپی فلم ایوارڈز کے لئے نامزدگیوں کا اعلان
8 نومبر 2009ان نامزدگیوں کا اعلان اسپین کے ثقافتی مرکز کی حیثیت کے حامل شہر سیویلیا میں جاری یورپی فلم فیسٹیول میں ہفتہ کو یا گیا۔
'آن پروفٹ' اس فلم میں بہترین اداکاری پر طاہر رحیم کو جبکہ 2009 ء کی یورپی فلم ایوارڈ فیسٹیول میں اسی فلم کے ہدایت کار تھومس بیدیگین کو اس بار کے بہترین اسکرپٹ رائٹر کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔
برطانوی فلم ’سلم ڈاگ ملینئیر‘ جس کے ہدایت کار ڈانی بوئل ہیں، نے پانچ نامزدگیاں حاصل کیں، جن میں بہترین فلم، بہترین ہدایت کاراور بہترین اداکار جو کہ دیو پٹیل ہیں، کے ایوارڈز شامل ہیں۔
اس فلم فیسٹیول کے میزبان ملک اسپین کے فلم ڈائریکٹر پیدرو المودوار کو ان کی فلمLos Abrozoss Rotos ’بروکن ایمبریسز‘ کے لئے بہترین ہدایت کار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ المودوار کی چوتھی فلم ہے جس میں ہسپانوی اداکارہ پینیلوپ کروز نے کام کیا ہے۔ کروز کو بہترین اداکارہ کی کیٹیگری کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ اس فلم میں انہوں نے لینا نامی اس سیکریٹری کا کردار نبھایا ہے، جو اپنے بہت دولت مند بوس ایرنسٹو کے ساتھ ایک تعلق میں بندھ جاتی ہے۔
کروز کی ملاقات کرشماتی شخصیت کے حامل ایک ڈائریکٹر بلانکو سے ہو جاتی ہے، جس کے عشق میں کروز فوراً ہی مبتلا ہو جاتی ہے۔ بلانکو کا کردار ادا کیا ہے لوئیس ہومار نے۔ بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لئے کروز کا مقابلہ پڑے گا فلم اینٹی کرائسٹ کی اداکارہ Charlotte Gainsbourg اور معروف اداکارہ کیٹ ونسلٹ سے جنہوں نے فلم دی ریڈرز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
2009 ء کے پورپین فلم ایوارڈز کے 200 سے زائد ممبران 12 دسمبر کو جرمن شہر بوخم میں ان نامزدگیوں پراپنے ووٹ دیں گے۔ گزشتہ برس یورپین فلم ایوارڈ میں بہترین فلم اور بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ حاصل کیا تھا ایک اطالوی فلم ’Gomorra‘ نے جس کے ہدایت کار تھےMatteo Garrone ۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: ندیم گِل