1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی فٹ بال راؤنڈ اپ: بارسلونا اور چیلسی سبقت لیے ہوئے

1 اکتوبر 2012

مشہور زمانہ ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا اسپینش فٹ بال لیگ لا لیگا میں اپنی سبقت برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ انگلینڈ میں چیلسی نے سب کو پیچھے چھوڑ رکھا ہے۔

تصویر: Reuters

ہسپانوی لیگ ’لا لیگا‘ میں بارسلونا کو اپنی دیرینہ حریف ٹیم ریئل میڈرڈ پر آٹھ پوائنٹس کی سبقت حاصل ہو چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ویک اینڈ پر Clasico مقابلہ ہوگا، جسے دنیا بھر میں فٹ بال کے شائقین کا پسندیدہ کلب میچ تصور کیا جاتا ہے۔ عمومی طور پر ہر سال دو بار ہونے والے اس مقابلے کو دنیا بھر میں لاکھوں ناظرین ٹیلی وژن پر دیکھتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کو سیوِیّا کے خلاف میچ میں بارسلونا کو آخری لمحات تک شکست کا سامنا تھا۔ مقررہ وقت ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے تک اسکور دو ایک سے سیوِیّا کے حق میں تھا۔ 89 ویں منٹ میں بارسلونا کے فابریگیس نے اسکور دو دو سے برابر کر ڈالا اور پھر انجری ٹائم میں ڈیوڈ ولا نے لیونیل میسی کی مدد سے فاتحانہ گول کر ڈالا۔ میچ کے بعد فابریگیس کا کہنا تھا تمام کھیل کے دوران بارسلونا نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالآخر نتیجہ بھی ان کے حق میں رہا۔ شکست خوردہ سیوِیّا کے کوچ مائیکل نے، جنہیں بارسلونا کے دوسرے گول پر احتجاج کرنے کی پاداش میں میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا، بعد میں کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ مائیکل کے بقول ان کے دس کھلاڑیوں نے ایک بہترین ٹیم کو تقریباً ہرا دیا تھا۔

لا لیگا کی دوسری مقبول ترین ٹیم ریئل میڈرڈ نے باسک علاقے سے تعلق رکھنے والی ٹیم ایتھلیٹک بلباؤ اور پھر ڈیپورٹیو کورونا کو مات دے کر اپنی پوزیشن قدرے بہتر کر رکھی ہے۔ گزشتہ روز کورونا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ریئل میڈرڈ کی جیت میں ان کے سٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے مرکزی کردار ادا کیا۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے رونالڈو نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک کی۔ اس مقابلے میں ریئل میڈرڈ نے پانچ ایک سے فتح پائی۔  میچ کے بعد رونالڈ نے کہا کہ  وہ اور ان کے ساتھی جانتے تھے کہ کسی صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر مزید پوائنٹس نہیں گنوائے جا سکتے، اسی لیے جیت کی بھرپور کوشش کی گئی۔ ہفتے کو کھیلے گئےمیچ میں ریئل میڈرڈ نے بلباؤ کو دو صفر سے شکست دی تھی۔

ادھر انگلش فٹ بال کی پریمیئر لیگ میں چیلسی کی ٹیم سبقت لیے ہوئے ہے۔ چیلسی نے لندن کے کلب آرسنل کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ ان کی جیت کا سہرا ہسپانوی سٹرائیکر فرنانڈو ٹوریز اور خوان فرٹونگین کے سر رہا۔ پریمیئر لیگ کے ایک اور میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم ٹوٹن ہائم سے نہ جیت سکی، جس نے 1989ء کے بعد پہلی مرتبہ اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر کوئی میچ جیتا ہے۔

sks / mm (AFP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں