یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز کل جمعے سے
7 جون 2012یورپی چیمپئن شپ کے شروع ہونے میں اب بات گھنٹوں پر آ گئی ہے۔ کل جمعے کے روز اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ گروپ اے کی دو ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ اس میں ایک ٹیم میزبان پولینڈ اور دوسری یونان کی ہے۔ افتتاحی میچ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں شیڈیول ہے۔ آٹھ جون کے روز دوسرا میچ روس اور چیک جمہوریہ کے درمیان ہو گا۔
جرمنی کی ٹیم گروپ بی میں ہے۔ گروپ بی کے میچوں کا آغاز 9 جون سے ہو گا۔ جرمن ٹیم کا پہلا میچ پرتگال سے ہے۔ پرتگال کو یورپی فٹ بال منظر پر ایک پاور ہاؤس کا درجہ حاصل ہے۔ یورو چیمپئن شپ کے لیے جرمن ٹیم ان دنوں پولستانی شہر گڈانسک میں تربیت کے آخری مراحل طے کر رہی ہے۔
جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے مورال کو بلند کرنے کے لیے چانسلر انگیلا میرکل نے کل بدھ کے روز گڈانسک کا دورہ بھی کیا تھا۔ اپنے قیام کے دورن جرمن چانسلر نے کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات کے علاوہ اُن سے خطاب بھی کیا۔ انگیلا میرکل اپنی فٹ بال ٹیم کی زور دار مداح ہیں اور ہر اہم موقع پر وہ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملتی رہتی ہیں۔ جرمن ٹیم کے مینیجر اولیور بیئر ہوف نے چانسلر کی آمد کو ٹیم کے لیے انتہائی حوصلہ افزا قراردیا۔ جرمن ٹیم جنوبی فرانس میں ابتدائی تربیتی عمل مکمل کر کے اسی ہفتے کے دوران پیر کے روز پولینڈ کے بندرگاہی شہر گڈانسک پہنچی تھی۔
ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے قبل ہی فائنل میچ کے لیے قیاس آرائیوں اور اندازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کھیل کے ماہرین کا خیال ہے کہ جرمنی اور اسپین کی ٹیمیں یورو چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ فائنل میچ پہلی جولائی کو یوکرائن کے دارالحکومت کییف کے اولمپک اسٹیڈیم میں ہو گا۔ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائنگ مرحلے میں صرف جرمنی اور اسپین ہی دو ایسی ٹیمیں تھیں، جنہوں نے اپنے تمام میچ جیتے تھے۔
جرمن ٹیم کے جنرل مینیجر اولیور بیئرہوف نے ان اندازوں کی مناسبت سے کہا کہ یہ درست ہے کہ ہسپانوی ٹیم ایک مضبوط اور متوازن ٹیم ہے اور وہ اس ٹورنامنٹ میں اسپین کی ٹیم کو فیورٹ خیال کرتے ہیں کیونکہ کوالیفائنگ مرحلے میں ان کی پرفارمنس شاندار تھی۔ جرمن ٹیم کے جنرل مینیجر کا ہسپانوی ٹیم کے بارے میں مزید کہنا تھا کہ اس میں کئی ذہین، تجربہ کار اور بہتر کھلاڑی موجود ہیں۔ بیئر ہوف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ سے قبل فائنل میچ کے بارے میں اندازہ لگانا دشوار ہے۔
جرمن فٹ بال ٹیم اپنا پہلا میچ مغربی یوکرائن کے شہر لی ویُو (Lviv) میں کھیلے گی۔ جرمن شائقین اس شہر کو لیمبرگ (Lemberg) بھی کہتے ہیں۔ سن 2008 میں جرمنی نے یورو چیمپئن شپ میں پرتگال کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔ اس سے پچھلی چیمپئن شپ میں جرمنی کی ٹیم نے پرتگال سے تین گول سے شکست کھائی تھی۔
ah/aa (dpa, AFP)