'یورپی ممالک نے سلک روڈ منصوبے کی دستاویز مسترد کر دی‘
15 مئی 2017ایک سفارتکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دستاویز کو مسترد کرنے والے یورپی ممالک میں فرانس، جرمنی، ایسٹونیا،پرتگال اور برطانیہ شامل ہیں۔ چائنہ سلک روڈ منصوبے پر ہونے والے عالمی اجلاس میں دنیا بھر سے قریب 30 ممالک کے سربرہان مملکت و حکومت نے شرکت کی۔ بنیادی ڈھانچے کے اس بہت بڑےمنصوبے سے چین کو توقع ہے کہ یورپ، ایشیا اور افریقہ کے مابین قدیم تجارتی راستے بحال ہو سکیں گے۔
اس اجلاس کو آج بروز پیر سربراہانِ ریاست کی جانب سے ایک حتمی اعلامیے کے اجرا کے بعد اختتام پذیر ہونا ہے۔ اس اعلامیے کے ساتھ اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی رہنماؤں کی جانب سے مالیات اور لوگوں کے باہمی تعلقات جیسے موضوعات پر بیانات بھی جاری کیے جانے ہیں۔
سفارتکار کا کہنا ہے کہ سربراہی اجلاس کے تجارتی پینل میں شرکت کرنے والے تمام یورپی ممالک نے متفقہ طور پر تجارتی بیان کے متن کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان رہنماؤں کا موقف ہے کہ متن میں سرکاری محصولات کے حوالے سے شفافیت اور یورپی سماجی اور ماحولیاتی معیارات پر مناسب اور معقول طور سے بات نہیں کی گئی۔
سفارتکار نے یہ بھی بتایا کہ چین نے یہ دستاویز گزشتہ ہفتے صرف مذاکرات کاروں کے سامنے پیش کی تھی اور کہا تھا کہ اُس میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔
بیجنگ حکومت اس اجلاس کے ذریعے ایشیا ، یورپ اور افریقہ سے اپنے تجارتی تعلقات مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم کچھ ممالک کا خیال ہے کہ نئے شاہراہ ریشم منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ چینی برآمد کنندگان کو ہی پہنچے گا۔
چین کے اس نیو سلک روڑ منصوبے کا مقصد ایک ایسی اقتصادی راہ داری قائم کرنا ہے، جس کے ذریعے ایشیا، یورپ اور افریقہ کو زمینی اور سمندری راستے کے ذریعے ایک دوسرے سے بہتر انداز میں ملایا جائے گا۔