1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی پارلیمانی الیکشن کا آخری مرحلہ، اکیس ممالک میں ووٹنگ

9 جون 2024

نئی یورپی پارلیمان کے انتخاب کے لیے آج اتوار کے روز یورپی یونین کے رکن ستائیس میں سے اکیس ممالک میں سینکڑوں ملین شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ چھ رکن ممالک میں ووٹنگ گزشتہ تین دنوں میں مکمل ہو گئی تھی۔

یونان میں ایک ووٹر اپنا ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے
آج اتوار کے روز جس رکن ملک میں ووٹنگ سب سے پہلے شروع ہوئی، وہ یونان تھاتصویر: Louiza Vradi/REUTERS

یورپی یونین کی نئی پارلیمان کے انتخاب کے لیے رکن ممالک میں عوامی رائے دہی کا چار روزہ سلسلہ جمعرات چھ جون کو شروع ہوا تھا اور پہلے روز جرمنی کے ہمسایہ ملک نیدرلینڈز میں ووٹنگ ہوئی تھی۔

ایک کرنسی، ایک فون چارجر اور بہت کچھ آسان: یورپی یونین نے شہریوں کی زندگی سہل بنا دی

اس طرح جمعرات سے ہفتہ آٹھ جون تک کُل چھ ممالک میں رائے دہی کا عمل مکمل ہو گیا تھا جبکہ آج اس چار روزہ عمل کے آخری دن یونین کے رکن 27 ممالک میں سے باقی ماندہ 21 ملکوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ان ممالک میں جرمنی اور فرانس بھی شامل ہیں، جو یورپی یونین کے دو سب سے زیادہ آبادی والے ممالک ہیں۔

ووٹروں کی کُل تعداد

یورپی یونین کی پارلیمان کا الیکشن دنیا کا وہ واحد جمہوری عمل ہے، جس میں درجنوں ممالک میں عام شہری مل کر کسی ایک پارلیمان کے ارکان کا چناؤ کرتے ہیں۔ امسالہ الیکشن میں اس بلاک کی رکن ریاستوں میں مجموعی طور پر 373 ملین ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

جرمنی میں ایک پولنگ اسٹیشن پر ایک ووٹر اپنا ووٹ ڈالتے ہوئےتصویر: THOMAS KIENZLE/AFP
یورپی پارلیمانی الیکشن، پولینڈ میں ایک پولنگ اسٹیشن کی ایک تصویرتصویر: Omar Marques/Getty Images

یورپی پارلیمان کا اجلاس بیلجیم میں برسلز یا پھر فرانس میں اسٹراس بُرگ میں ہوتا ہے اور اس قانون ساز ادارے کے ارکان کی مجموعی تعداد 720 ہوتی ہے، جن کا انتخاب پانچ سال کے لیے کیا جاتا ہے۔

یورپی پارلیمان کے انتخابات کے بارے میں چند اہم معلومات

آج نو جون کو جن اکیس ممالک میں عام شہری اپنا ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں، ان میں آسٹریا، بیلجیم، بلغاریہ، کروشیا، قبرص، ڈنمارک، فن لینڈ، جرمنی، یونان، ہنگری، لیتھوانیا، لکسمبرگ، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، سلووینیہ، اسپین اور سویڈن بھی شامل ہیں۔

جرمنی میں پہلی مرتبہ سولہ اور سترہ سال کے نوجوان بھی ووٹ دینے کے اہل

اگلی یورپی پارلیمان کے 720 ارکان میں سے 96 جرمنی سے منتخب کیے جائیں گے، جو یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے اور یورپی پارلیمان میں کسی ایک ملک کے طور پر سب سے زیادہ تعداد بھی جرمن اراکین ہی کی ہوتی ہے۔

نئی یورپی پارلیمان کے 720 ارکان میں سے 96 کا تعلق جرمنی سے اور 81 کا تعلق فرانس سے ہو گاتصویر: picture alliance/dpa

جرمنی میں یورپی پارلیمانی الیکشن میں حصہ لینے والے شہریوں کی تعداد تقریباﹰ 65 ملین بنتی ہے۔ ان ووٹروں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں پہلی مرتبہ 16 اور 17 برس کی عمر کے وہ نوجوان بھی شامل ہیں، جو پہلی مرتبہ ووٹ دے رہے ہیں۔

فرانس اور جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں ایک دوسرے سے جدا

وفاقی جرمن دفتر شماریات کے مطابق جرمنی میں 18 سال سے کم لیکن 16 برس یا اس سے زائد عمر کے نوجوانوں کی تعداد تقریباﹰ 1.4 ملین بنتی ہے اور یہ نوجوان جرمن لڑکے لڑکیاں وہ شہری ہیں، جو آج پہلی بار یورپی پارلیمان کے جرمن ارکان کے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت میں اضافے کی پیش گوئی

اس مرتبہ یورپی پارلیمان کے الیکشن میں متعدد ممالک میں انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کو حاصل ہونے والی عوامی تائید میں واضح اضافے کا امکان ہے۔

بحر الکاہل کے علاقے میں واقع مجموعہ جزائر پر مشتمل فرانسیسی خطے نیو کیلیڈونیا میں بھی آج ووٹنگ ہوئی کیونکہ یہ علاقہ فرانسیسی ریاست ہی کا حصہ ہےتصویر: DELPHINE MAYEUR/AFP/Getty Images

ان میں  خاص طور پر جرمنی میں تارکین وطن کی آمد اور اسلام کی مخالفت کرنے والی جماعت 'متبادل برائے جرمنی‘ یا اے ایف ڈی اور فرانس میں مارین لے پین کی جماعت نیشنل ریلی کو ماضی کے مقابلے میں کافی زیادہ ووٹ حاصل ہونے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔

یورپی یونین کی سیاسی جماعتوں نے ڈس انفارمیشن مخالف معاہدے پر دستخط کر دیے

یورپی پارلیمان میں فرانسیسی ارکان کی تعداد 81 ہوتی ہے اور تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ انتہائی دائیں بازو کی نیشنل ریلی ان 81 نشستوں میں سے زیادہ تر جیت جائے گی اور وہ بھی اس طرح کہ ممکنہ طور پر اس پارٹی کے یورپی پارلیمانی ارکان کی تعداد فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی جماعت کے ارکان کی تعداد سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

ان انتخابات کے ابتدائی غیر سرکاری نتائج آج شام ہی آنا شروع ہو جائیں گے جبکہ اولین سرکاری نتائج کا اعلان اتوار اور پیر کی درمیانی رات بارہ بجے کے قریب شروع ہو جائے گا۔

م م / ش ر (روئٹرز اے ایف پی، ڈی پی اے)

یورپین الیکشن کیا ہیں؟

02:08

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں