1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی کمیشن میں پہلی مرتبہ مثالی صنفی توازن

3 جولائی 2019

یورپی یونین کے چار اہم عہدوں کے لیے نامزد ہونے والی شخصیات میں سے دو خواتین ہیں۔ ان نامزدگیوں پر حتمی فیصلہ آنے کے بعد جرمن وزیر دفاع ارزولا فان ڈیئر لائن کو یورپی کمیشن کی پہلی خاتون سربراہ بننے کا شرف حاصل ہو گا۔

Ursula von der Leyen CDU Verteidigungsministerin Deutschland
تصویر: picture-alliance/dpa/B. von Jutrczenka

یورپی یونین کے رہنماؤں نے جرمنی کی ارزولا فان ڈیئر لائن کو یورپی کمیشن کی سربراہی کے لیے منتخب کیا ہے۔

یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے بتایا ہے کہ یورپی کونسل نے جرمن سیاستدان ارزولا فان ڈیئر لائن کا نام یورپی کمیشن کی سربراہی کے لیے تجویز کیا ۔

فان ڈیئر لائن جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت سی ڈی یو کی رکن ہیں۔ ان کی تقرری کے لیے 751 رکنی پارلیمان کی اکثریت کی جانب سے منظوری لازمی ہے۔

اس موقع پر ٹسک نے  یورپی یونین کے دیگر اہم عہدوں میں صنفی توازن کا خیر مقدم کیا ہے، '' پہلی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم نے چار اہم عہدوں کے لیے دو خواتین اور دو مردوں کو نامزد کیا ہے۔ یہ مثالی صنفی توازن ہے۔ میں اس حوالے سے بہت خوش ہوں۔‘‘

بیلجیم کے وزیر اعظم چارلس میشل کو یورپی کونسل کے صدر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ فرانس کی سابق وزیر مالیات اور عالمی مالیاتی فنڈ کی موجودہ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈ کو یورپی مرکزی بینک کی سربراہ جبکہ ہسپانوی وزیر خارجہ جوزیف بوریل فونٹیلز کو یورپی خارجہ امور کے نگران کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa/J. Carstensen

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے فان ڈیئر لائن کی نامزدگی پر کہا کہ یورپی رہنماؤں نے فان ڈیئر لائن کو مکمل اتفاق کے ساتھ نامزد کیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کا اس معاہدے پر کہنا تھا کہ یہ فرانکو جرمن گہری دوستی کا ثمر ہے۔

یورپی کمیشن کے موجودہ صدر ژاں کلود یُنکر نے کہا کہ یورپی پارلیمان میں ان نامزدگیوں کی توثیق کا مرحلہ آسان نہیں ہو گا۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں