1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین اور امریکا کے مابین آزاد تجارت کے معاہدے پر غور

14 جون 2013

یورپی یونین اور امریکا کے مابین تاریخی نوعیت کے حامل آزاد تجارت کے معاہدے پر سنجیدگی سے غور ہورہا ہے تاہم فرانس نے اپنی فلم و موسیقی کی صنعت کو لاحق ممکنہ خطرات کے باعث ان مذاکرات کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اگر یورپی یونین اور امریکا کے مابین آزاد تجارت کا معاہدہ ہوگیا تو اس سے دنیا بھر کا سب سے بڑا آزاد تجارت کا خطہ قائم ہوجائے گا، جس میں قریب 800 ملین لوگ بستے ہیں۔ امریکا اور یورپی ممالک کے مابین روزانہ کی بنیاد پر دو ارب یورو مالیت کے سامان کا تبادلہ ہوتا ہے۔ یورپی یونین میں اقتصادی تعاون اور ترقی سے متعلق ادارے OECD کے سربراہ Angel Gurria نے گزشتہ روز برسلز کے دورے کے موقع پر کہا کہ یہ بہت معنی خیز اور خاصے دور رس اثرات کا حامل منصوبہ ہے۔

تاہم اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے قبل ہی اس میں پنہاں اقتصادی ترقی اور نوکریوں کے نئے مواقعوں کی امیدوں کو اس وقت دھچکا لگا جب ایک اہم یورپی ملک فرانس نے اس بابت اپنے خدشات ظاہر کر دیے۔ پیرس حکومت کو خدشہ ہے کہ ہالی وڈ سے فرانس کی موسیقی اور فلموں کی صنعت متاثر ہوگی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

فرانسیسی وزیر اعظم ژاں مارک ائیرو Jean-Marc Ayrault نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے اگر ثقافتی امور کو بھی آزد تجارت کے معاہدے میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی تو فرانس اس کی مخالفت کردے گا۔ یورپی کمیشن نے اب تک یورپ اور امریکا کے مابین فلم و موسیقی کی تجارت پر رعایت اور کوٹہ برقرار رکھنے کا عندیہ دیا تاہم ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ صوتی و بصری مواد کی تجارت مکمل طور پر ہرقسم کے محصول سے آزاد کردی جائے گی۔

یورپی یونین کے لیے امریکا کے سفیر ولیئم کینارڈ نے روزنامہ فنانشیئل ٹائمز کو بتایا کہ اگر آزاد تجارت سے متعلق معاہدے کو کسی بھی شعبے یا انداز میں محدود کیا گیا تو امریکا کی جانب سے بھی ایسے ہی اقدام کی توقع کی جائے۔ واضح رہے کہ یورپی پارلیمان پہلے ہی صوتی و بصری اشیاء کو اس تجارتی معاہدے سے خارج کرنے کے حق میں رائے دے چکی ہے۔

27 رکنی یورپی یونین پر یہ دباؤ قائم ہے کہ وہ رواں ہفتے ہی اس ضمن میں لائحہ عمل واضح کر دے تاکہ اگلے ہفتے آئرلینڈ میں شروع ہونے والی G8 سمٹ میں اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے۔

(sks/ km (dpa

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں