1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین سمٹ کے جراتمندانہ فیصلے

30 جون 2012

یورپی یونین کی دو روزہ سمٹ جمعرات اور جمعے کے روز بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں منعقد ہوئی۔ یورپی سربراہوں کی اس کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کی پذیرائی کی جا رہی ہے۔

تصویر: Reuters

یورپ میں قرضوں کے بحران کے آغاز کے بعد سے اب تک ہونے والے سربراہ اجلاس مایوسی پر ختم ہوئے تھے اور جمعے کے روز سربراہ اجلاس کے آخری دن یورپی رہنماؤں نے جن فیصلوں کو حتمی شکل دی ہے، ان فیصلوں کے اثرات دور رس ہو سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے خیال میں سربراہی اجلاس کے فیصلے یورو زون کے لیے فائدہ مند ہونے کے علاوہ اگلے ہفتوں کے دوران مالی منڈیوں کے اعتماد کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ سمٹ کے نتائج سے عالمی منڈیوں میں راحت کی لہر محسوس کی گئی ہے۔

حالیہ یورپی یونین سمٹ کو انتہائی فیصلہ کن خیال کیا جا رہا ہےتصویر: AP

مالی بحران سے دوچار اٹلی اور اسپین بظاہر ان فیصلوں پر اپنی حکمت عملی میں کامیاب دکھائی دیتے ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو رکن ملکوں کے دباؤ کے تحت معاہدے کو تسلیم کرنے پر اپنے وطن میں تنقید کا سامنا ہے۔ سمٹ میں علیل بینکوں کی براہ راست مالی معاونت اور بیل آؤٹ پیکج کے لیے لچکدار شرائط سے بیمار اقتصادیات کے حامل ملکوں کے لیے استحکام کے حصول کو فوقیت دی گئی ہے۔

اس ڈیل کے تحت یورو زون میں قائم بینکوں اور یورپی سینٹرل بینک کی نگرانی کے لیے ایک ادارہ بنایا جائے گا جو ان کے معاملات پر نگاہ رکھے گا۔ اس ادارے کے علاوہ 500 بلین یورو کا حامل ایک استحکامی نظام بھی قائم کیا جائے گا جو چند خاص شرائط پر یورو زون میں قائم مالیاتی اداروں کو براہ راست سرمایہ فراہم کرنے کا مجاز ہو گا۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے اس معاہدے کے مطابق مالیاتی پیکج کے بعد بھی دیوالیہ ہونے والا بینک سب سے پہلے دیگر واجب الادا قرضے چکائے گا اور بعد میں وہ یورپی استحکامی نظام سے حاصل کردہ رقم لوٹائے گا۔

یورپی یونین کی سمٹ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ مالیاتی پیکج سے ممالک کو قرضے فراہم کرنے کی بجائے بینکوں کو امداد فراہم کرنا ایک بہتر فیصلہ ہو گا۔ اسی طرح یہ بھی طے پایا کہ یونین کے رکن ملکوں کے سالانہ بجٹ، یورو کرنسی اور حکومتی اخراجات پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں اسپین اور اٹلی کی امداد کے لیے کم مدتی اور یورو زون کو نئی اور مضبوط اقتصادی شکل دینے کے لیے طویل مدتی فیصلے کیے گئے ہیں۔ یورپی یونین کے صدر ہیرمن فان رومپوئے نے اتفاق رائے سے منظور کردہ گروتھ پیکج یا اقتصادی نمو کے معاہدے کو ایک شاندار اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

یونین کی سمٹ میں ہونے والی ڈیل کے بعد جرمن چانسلر کو اپنے ملک میں تنقید کا سامنا ہےتصویر: AP

اس کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درامد آئندہ چند دنوں میں ہونے کا امکان ہے۔ نو جولائی کو یورو زون کے وزرائے خزانہ ہسپانوی بینکوں کے لیے مالیاتی امداد کے پیکج کی منظوری دیں گے۔ اس اجلاس میں یہ طے کیا جائے گا کہ یورپی یونین کے بیل آؤٹ فنڈ براہ راست ہسپانوی حکومت کے بانڈر خریدے گا یا نہیں۔ یونین کے فیصلوں سے اسپین اور اٹلی کو ایک طرح سے اپنی پلان میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان دونوں ملکوں کے حکومتی بانڈز کی خرید کا معاملہ کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا تھا حالانکہ حکومتی اخراجات میں کمی کے علاوہ روزگار کی منڈی میں بھی اصلاحات کا عمل جاری تھا۔

جرمنی میں ڈیل کے ساتھ اتفاق کرنے پر چانسلر انگیلا میرکل کو پارلیمنٹ کے اراکین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جرمن میڈیا نے ڈیل کے منظور ہونے کو انگیلا میرکل کی شکست سے تعبیر کیا ہے۔ ڈیل کے بعد جرمن چانسلر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سمٹ میں اپنے لائحہ عمل پر قائم رہی ہیں۔ ہیرمن فان رومپوئے نے اس تاثر کو رد کر دیا ہے کہ سربراہ اجلاس میں ڈیل کی منظوری انگیلا میرکل کی شکست ہے۔ یورپی مرکزی بینک کے صدر دراگی نے بھی ان فیصلوں پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

ah/aba (AP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں