1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ای یو: موسم گرما تک ستر فیصد بالغان کو ویکسین لگانے کا عزم

1 فروری 2021

کورونا ویکسین کی فراہمی میں سست روی کے باوجود یورپی یونین کمیشن کی صدر اُروزلا فان ڈیئر لائن کا کہنا ہے کہ یورپی بلاک میں ویکسین لگانے کی مہم میں اب تک ’اچھی پیشرفت‘ سامنے آئی ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر اُروزلا فان ڈیئر لائن
تصویر: Johanna Geron/AP/picture alliance

یورپی کمیشن کی صدر اُروزلا فان ڈیئر لائن  نے اتوار کے روز یورپی یونین کی کووڈ انیس ویکسینیشن مہم کا دفاع کرتے ہوئے بلاک میں ویکسین لگانے کے اہداف کو دوگنا کردیا ہے۔ فان ڈیئر لائن نے جرمن نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف سے گفتگو میں کہا، ''ہم موسم گرما کے آخر تک یورپی یونین کی 70 فیصد بالغ عوام کو کورونا ویکسین لگانا چاہتے ہیں۔‘‘ یورپی یونین کمیشن کے نائب صدر مارگاریٹیس اسکیناس پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ 'موسم گرما‘  سے مراد رواں برس جون سے اگست کے اختتام تک کا درمیانی عرصہ ہے۔

امریکا اور برطانیہ کے مقابلے میں یورپی یونین میں ویکسینیشن کی سست رفتار کے حوالے سے زیڈ ڈی ایف سے بات چیت میں فان ڈیئر لائن کہتی ہیں، ''اس وقت ہمارا مقابلہ صرف وائرس اور وقت کے ساتھ ہے۔‘‘

یورپی یونین میں اب تک تقریباﹰ 12 ملین افراد کورونا ویکسین کی کم از کم پہلی خوراک حاصل کر چکے ہیں۔تصویر: Maja Hitij/Getty Images

ابھی تک، یورپی یونین کو 18 ملین ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جاچکی ہیں اور بلاک کی کُل 446 ملین آبادی میں سے 12 ملین افراد کم از کم پہلی خوراک حاصل کر چکے ہیں۔ فان ڈیئر لائن نے اسے ایک اچھی پیش رفت قرار دیا۔ تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ فروری اور مارچ 'مشکل‘ مہینے ہوں گے۔  ان کا مزید کہنا  تھا کہ اس کے بعد ویکسین کی فراہمی کے مسائل بڑے پیمانے پر ختم ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیے: یورپی اقوام کے لیے کورونا ویکسین کی قلت

واضح رہے کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیاں موڈیرنا، ایسٹرا زینیکا / آکسفورڈ اور بائیو این ٹیک - فائزر کی جانب سے ویکسین کی دستیابی میں تاخیر کی وجہ سے یورپی یونین کی ویکسینیشن مہم کے اہداف کافی حد تک متاثر ہوئے ہیں۔

ایسٹرا زینیکا کی مزید ویکسینز محفوظ

فان ڈیئر لائن کے یہ بیانات اتوار اکتیس جنوری کو یورپی یونین کمیشن کے سربراہ اور یونین کے ساتھ ویکسین فراہم کرنے کا معاہدہ کرنے والی کمپنیوں کے سات فارما ایگزیکٹوز کے درمیان بات چیت کے بعد سامنے آئے ہیں۔ بات چیت کے دوران ایسٹرا زینیکا نے یورپی بلاک کے ساتھ تنازع حل کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے پہلی سہ ماہی کے دوران اپنی ویکسین کی اضافی 9 ملین خوراکیں فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

فان ڈیئر  لائن نے ٹوئٹر پر اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا، '' دواساز کمپنی یورپ میں اپنی مینوفیکچرنگ کی گنجائش میں بھی اضافہ کرے گی۔‘‘ واضح رہے ایسٹرا زینیکا کی جانب سے مارچ کے آخر تک کل 40 ملین خوراکوں کی فراہمی کا نیا ہدف کمپنی کے اصل عہد کا صرف نصف حصہ ہے۔

گزشتہ ہفتے تک یورپی یونین کا ایسٹرا زینیکا کمپنی کے ساتھ تنازع چل رہا تھا کہ وہ اُتنی تعداد میں ویکسین دستیاب نہیں کر رہی جس کا اُس نے وعدہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: بائیو این ٹیک فائزرکورونا ویکسین، یورپی یونین کی منظوری

برطانوی اور سویڈش دواساز کمپنی ایسٹرا زینیکا نے بیلجیئم میں ایک پروڈکشن سائٹ پر ویکسین تیار کرنے کے معاملات میں مسائل کو جواز بناتے ہوئے کہا تھا کہ 2021 کے پہلے تین ماہ میں یورپی یونین کو فراہم کی جانے والی ویکسینز کی کل تعدداد میں 60 فیصد تک کٹوتی کی جاسکتی ہے۔ اس کے جواب میں یورپی یونین نے خدشات کا اظہار کیا کہ ایسٹرا زینیکا برطانیہ سمیت دیگر صارفین کے مقابلے یورپی یونین کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کررہی ہے۔

ع آ / ع ح (اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے)

ویکسین کے مؤثر ہونے کا تجربہ، نوجوان اور صحت مند افراد پر ہی کیوں؟

02:10

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں