1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین شام کو ’ایئر برج‘ کے ذریعے امداد فراہم کرے گی

13 دسمبر 2024

یورپی کمیشن کے مطابق ابتدائی طور پر پچاس ٹن طبی امدادی سامان ترکی کے راستے شام بھجوایا جائے گا۔ یورپی یونین شامی عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے چار ملین یورو کی اضافی امدادی رقم بھی مہیا کر رہی ہے۔

یورپی یونین کے کمیشن نے ترکی کے راستے شام کو ابتدائی طور پر پچاس ٹن طبی امدادی سامان کی سپلائی کے لیے ''ایئر برج‘‘ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔
یورپی یونین کے کمیشن نے ترکی کے راستے شام کو ابتدائی طور پر پچاس ٹن طبی امدادی سامان کی سپلائی کے لیے ''ایئر برج‘‘ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔ تصویر: Hamza Turkia/Xinhua/picture alliance

یورپی یونین کے کمیشن نے آج 13 دسمبر بروز جمعہ ترکی کے راستے شام کو ابتدائی طور پر پچاس ٹن طبی امدادی سامان کی سپلائی کے لیے ''ایئر برج‘‘ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔ کمیشن کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ دنوں میں دبئی میں یورپی یونین کے اسٹاک سے طبی سامان شام میں تقسیم کے لیے ترکی کے شہر ادانا بھیج دیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں یونیسیف اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ذریعے شام میں تقسیم کے لیے مزید 46 ٹن امدادی سامان ڈنمارک میں یورپی یونین کے اسٹاک سے ادانا پہنچایا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے مطابق بشارالاسد کا تختہ الٹنے کے لیے باغیوں کی کارروائیوں کے دوران دس لاکھ سے زائد مزید شامی بے گھر ہو گئےتصویر: Leo Correa/AP Photo/picture alliance

اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد سے متعلقہ امور کی ایجنسی کے مطا بق شام میں صدر بشار الاسد کو معزول کرنے کے لیے باغیوں کی کارروائی کے آغاز کے بعد سے مزید دس لاکھ شہری، جن میں سے زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل ہیں، بے گھر ہو چکے ہیں۔

یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈئر لاین نے کہا کہ وہ جب آئندہ منگل کو ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کے لیے ترکی جائیں گی، تو شام کے لیے ''انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی پر مزید بات چیت کریں گی۔‘‘

ان کا کہنا تھا، ''شام میں اتنے غیر مستحکم حالات کے ہوتے ہوئے شامی عوام کے لیے  ہماری مدد پہلے سے زیادہ اہم ہے۔‘‘ یورپی کمیشن کے مطابق، ''اشد نوعیت کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے‘‘ اضافی طور پر چار ملین یورو مہیا کیے جائیں گے، جن کے بعد اس سال یورپی یونین کی طرف سے کل امداد 163 ملین یورو (170 ملین ڈالر) تک پہنچ گئی ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈئیر لائن تصویر: Eitan Abramovich/AFP

نئی مالی امداد سے ٹراما کٹس، اہم طبی سامان کی فراہمی، ہنگامی پناہ گاہوں اور صفائی ستھرائی کی کٹس کے ساتھ ساتھ شمالی شام میں 61,500 افراد کو خوراک کے پارسلوں کی تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔

بحرانوں کا مقابلہ کرنے سے متعلق اقدامات کی نگران یورپی یونین کی کمشنر حجہ لحبیب نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ وہ '' شام میں بدلتی ہوئی صورتحال کی بہت قریب سے نگرانی کر رہی ہیں اور اقوام متحدہ سمیت خطے کے دیگر شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘‘

عالمی ادارہ خوراک نے الگ سے شامی عوام کو امدادی اشیائے خوراک کی فراہمی کے لیے اگلے چھ ماہ کے دوران 250 ملین ڈالر کی فنڈنگ ​​کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ 2.8 ملین تک بے گھر اور غریب شامی باشندوں کو خوراک مہیا کی جا سکے۔ اسد حکومت کے خاتمے نے تقریباً 14 سال تک جاری رہنے والی اس شامی خانہ جنگی کو روک دیا، جس میں پانچ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔

ش ر⁄ م م (اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)

بشار الاسد کے بعد شام کا مستقبل کیسا ہو گا؟

03:00

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں