1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کا سخاروف انعام، مہسا امینی کے نام

19 اکتوبر 2023

یورپی اتحاد کا معتبر ایوارڈ ایران میں دوران حراست ہلاک ہونے والی کرد خاتون اور اس کے بعد شروع ہونے والی تحریک کے نام رہا۔ یہ انعام یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے انسانی حقوق کا دفاع کرنے والے افراد اور گروہوں کو دیا جاتا ہے۔

Deutschland | Demonstration am ersten Todestag von Jina Mahsa Amini
تصویر: Omer Messinger/Getty Images

اس سال یورپی یونین کا انسانی حقوق کے لیے سخاروف انعام بعد از مرگ کرد خاتون جینا مہسا امینی اور ایران میں ان کی موت کے بعد خواتین کی زندگی اور آزادی کے لیے شروع ہونے والی تحریک کو دیا گیا۔

جینا مہسا امینی کون تھیں؟

امینی کو ایران کی اخلاقی پولیس نے ستمبر 2022 میں مبینہ طور پرنامناسب طریقے سے حجاب لینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ 22 سالہ مہسا امینی  کی دوران حراست موت ہو گئی تھی۔ ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ ان کی موت  انہیں پہلے سے لاحق نامعلوم طبی حالت کی وجہ  سے ہوئی تھی۔

امینی کا تعلق مغربی ایران میں کرد اکثریتی شہر ساقیز سے تھا۔ ان کی موت نے تہران حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کو جنم دیا۔ اس کے بعد ہونے والے کریک ڈاؤن میں سینکڑوں مظاہرین مارے گئے جبکہ متعدد ابھی تک گرفتار ہیں۔

مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ملک گیر سطح پر مظاہروں نے تہران حکومت کو ہلا کر رکھ دیا تھاتصویر: Michael Melia/Avalon//Photoshot/picture alliance

ایوارڈ کی فاتح کے نام کا اعلان کرنے کے بعد یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا نے کہا کہ امینی کی موت ''ایک اہم موڑ‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا، ''اس نے خواتین کیقیادت میں ایک تحریک کو جنم دیا ہے جو تاریخ رقم کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحریک خواتین کی ''ایران میں وقار اور آزادی‘‘ کے لیے کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ''ایران کی بہادر خواتین، مردوں اور نوجوانوں کو خراج تحسین  ہے، جو تبدیلی کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘

اس ماہ کے شروع میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے اخلاقی پولیس پر تہران میٹرو پر سوار ہونے والی ایک 16 سالہ لڑکی کوپیٹنے کا الزام لگایا تھا۔ اس واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس میں ایک لڑکی کو سب وے ٹرین سے زبردستی کھینچ کراتار لیا گیا تھا۔

ستمبر میں انسانی حقوق کے گروپوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکام نے امینی کے خاندان کو اس کی موت کی پہلی برسی منانے سے روک دیا تھا۔

رواں برس کے لیے امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی انسانی حقوق کی ایرانی کارکن نرگس محمدیتصویر: iranhumanrights

یورپی یونین کا سخاروف انعام کیا ہے؟

یہ انعام یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے آزادی فکر اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والے افراد اور گروہوں کو دیا جاتا ہے۔ اس کا نام سوویت ماہر طبیعیات، سیاسی منحرف اور 1975 کے نوبل امن انعام یافتہ آندرے سخاروف کے اعزاز میں رکھا گیا ہے۔

2023 کے سخاروف ایوارڈ کے لیے دوسرے فائنلسٹس میں نکاراگوا سے ولما نونیز ایسکورسیا اور بشپ رولینڈو خوزے الواریز لاگوس کے ساتھ ساتھ مفت، محفوظ اور قانونی اسقاط حمل کے لیے جدوجہد کرنے والی پولینڈ کی جسٹینا وائیڈرزینکا، ایل سلواڈور کی مورینا ہیریرا، اور یو ایس کی کولین میک نکولس شامل تھے۔

گزشتہ برس کا سخاروف انعام یوکرین کے عوام کو روس کی جنگ کے دوران "جمہوریت، آزادی اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ" پر دیا گیا تھا۔  خیال رہے کہ رواں برس کا نوبل امن انعام بھی انسانی حقوق کی ایرانی کارکن نرگس محمدی کو دیا گیا تھا۔ محمدی گزشتہ دو برسوں سے ایران میں زیر حراست ہیں۔

ش ر⁄ ک م (اے ایف پی، اے پی)

یورپی یونین ایران پر مزید پابندیاں لگائے گی؟

02:43

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں