1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کا غیر رسمی اجلاس اسٹاک ہوم میں

4 ستمبر 2009

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا غیر رسمی اجلاس آج جمعہ سے اسٹاک ہوم میں شروع ہو رہا ہے۔ ایران کا جوہری تنازعہ، افغانستان اور مشرق وسطیٰ کے امن عمل جیسے موضوعات اس دو روزہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

تصویر: AP
یورپی یونین میں امُور خارجہ کے سربراہ خاویئر سولانہتصویر: picture-alliance/ dpa

یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک سویڈن کے وزیر خارجہ کارل بلڈٹ اس اجلاس کی قیادت کریں گے۔ کارل بلڈٹ نے اجلاس کے دعوت نامے میں یورپی یونین کے رکن ملکوں میں اپنے ہم منصب وزراء پر زور دیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن اور اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین تعلقات کی بہتری میں یورپ کیا کردار ادا کر سکتا ہے، دو روزہ میٹنگ میں وزراء کی توجہ کا مرکز یہی ہونا چاہیے۔

ایران کو اس کے متنازعہ جوہری پروگرام کے بارے میں بین الاقوامی مذاکرات کی جانب راغب کرنا بھی یورپی یونین کے اس اجلاس کا ایک مقصد ہے۔

مغربی طاقتیں چاہتی ہیں کہ ایران رواں ماہ کے آخر تک اپنے ایٹمی منصوبے پر مذاکرات کی میز پر آئے۔ اس میں ناکامی کی صورت میں فرانس اور جرمنی تہران حکومت پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کے حق میں ہیں۔

تاہم خبررساں ادارے 'اے پی' نے سفارت کاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران پر نئی پابندیاں ستائیس رکنی یونین کے اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں بلکہ یورپی وزراء یہ کوشش کریں گے کہ تہران حکومت مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دے۔

یورپی یونین کی جانب سے ایران کے حالیہ صدارتی انتخابات کے بعد پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی قیادت کارل بلڈٹ ہی کرتے رہے ہیں۔ تاہم بلڈٹ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین ایران کے ایٹمی منصوبے پر مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ بلڈٹ نے یہ اُمید بھی ظاہر کی کہ میٹنگ کے دوران ایران کی جانب سے درپیش چیلنجز کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔

یورپی یونین اور امریکہ کا موقف ہے کہ ایران کے جوہری منصوبے کا مقصد ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری ہے لیکن تہران حکومت کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے۔

سویڈن کے وزیر خارجہ کارل بلڈٹتصویر: AP

یورپی یونین میں امُور خارجہ کے سربراہ خاویئر سولانہ اجلاس کے موقع پر اپنے حالیہ دورہ مشرق وسطیٰ کے تناظر میں خطے کی صورت حال پر بریفنگ بھی دیں گے جبکہ کارل بلڈٹ بھی اپنے حالیہ دورہ افغانستان کی تفصیلات بیان کریں گے۔

سویڈش وزیر خارجہ نے اپنے دورہ کابل کے دوران افغان صدر حامد کرزئی سمیت تین صدارتی اُمیدواروں سے ملاقات کی تھی۔ یورپی یونین نے گزشتہ ماہ کے صدارتی انتخابات کی نگرانی کے لئے اپنے مبصر بھی وہاں بھیجے تھے۔

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دو ہفتے سے بھی کم عرصے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں