1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ اور امریکہ میں کالی کھانسی میں ڈرامائی اضافہ کیوں؟

25 مئی 2024

یورپ اور امریکہ میں کالی کھانسی کے کیسز میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ اس ڈرامائی اضافے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ رواں سال کے آغاز پر پاکستان میں بھی کالی کھانسی کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

China I EU CE-zertifizierte Reagenzienproduktion
تصویر: Tang Dehong/Costfoto/picture alliance

سن 2023 کے موسم سرما میں امریکہ اور یورپ میں کالی کھانسی کے کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا تھا۔ برطانیہ میں تو اس متعدی مرض کے کیسز کی تعداد دو دہائیوں میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

بیماریوں کے روک تھام کے یورپی ادارے ECDC کے اعداد و شمار کے مطابق سن 2024 میں یورپ بھر میں اس مرض کے کیسز میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے۔

جنوری اور مارچ 2024 کے درمیان یورپ بھر میں تقریباﹰ بتیس ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ ای سی ڈی سی کے مطابق یورپ میں کالی کھانسی کے کیسز کی سالانہ اوسط تقریباﹰ 38 ہزار بنتی ہے۔

یورپ میں اگر اس بیماری میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد یونہی بڑھتی رہی تو رواں سال اس مرض کا شکار ہونے والوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔

ویکسین، تیاری میں جلدبازی خطرناک تو نہیں؟

ٹی بی کی ویکسین کووڈ انیس کا مقابلہ کر سکتی ہے؟

ای سی ڈی سی کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس بیماری میں زیادہ تر نوزائیدہ بچے ہی مبتلا ہوئے ہیں جبکہ اس سے متاثر ہونے والا دوسرا سب سے بڑا گروپ 10 تا 14 سال کی عمر کے بچوں کا ہے۔

حاملہ خواتین کا ویکیسن نہ لگوانا ایک وجہ؟

کالی کھانسی ابتدائی مراحل میں نزلہ یا زکام کی طرح نمودار ہوتی ہے۔ مریضوں کو ناک بہنے، کم درجے کا بخار، چھینکنے اور کبھی کبھار کھانسی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ تاہم کچھ ہفتوں کے بعد یہ کھانسی شروع ہوتی ہے۔ یہ بیماری نوزائیدہ بچوں میں سب سے زیادہ شدید ہو سکتی ہے۔ یہ مرض دس ہفتوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔

کالی کھانسی کے کیسز میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے، اس بارے میں ابھی تک کچھ علم نہیں ہو سکا ہے۔ زیادہ تر متعدی بیماریوں کی طرح غالباﹰ اس مرض کے پھیلاؤ کی وجہ بھی مختلف عوامل کا ایک ہی وقت میں رونما ہونا قرار دیا جا سکتا ہے۔

بچوں اور حاملہ خواتین میں کالی کھانسی کی ویکسین میں مسلسل کمی دراصل اس مرض کے پھیلاؤ کی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ حاملہ خواتین نے اگر ویکیسن نہیں لی تو ان کے نوازئیدہ بچوں کو کالی کھانسی کے خلاف کوئی تحفظ نہیں ہوتا ہے۔

کووڈ انیس کی عالمی وبا ایک وجہ؟

کالی کھانسی کے کیسوں میں اضافے کی کم از کم ایک جزوی وجہ کووڈ انیس کی عالمی وبا بھی قرار دی جاتی ہے۔

یورپی ہیلتھ حکام کے مطابق کووڈ انیس کی وجہ سے دنیا کی بڑی آبادی کی قوت مدافعت کم ہوئی ہے۔

تاہم کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ کووڈ انیس یا اس کی ویکسین دراصل کالی کھانسی میں حالیہ ڈرامائی اضافے کی مکمل وضاحت نہیں کر سکتے۔

یورپی ہیلتھ حکام کے مطابق کووڈ انیس کی وجہ سے دنیا کی بڑی آبادی کی قوت مدافعت کم ہوئی ہےتصویر: Plyushkin/Pond5 Images/IMAGO

کالی کھانسی کی ویکسین کی افادیت؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ کالی کھانسی میں اضافے کی تیسری ممکنہ وجہ اس مرض کی ویکسین بھی ہو سکتی ہے۔ یہ ویکسین پہلی مرتبہ 20 ویں صدی کے وسط میں متعارف کرائی گئی تھی۔

ابتدا میں یہ ویکسین امریکہ، کینیڈا اور یورپ کے ترقی یافتہ ممالک میں بہت مؤثر ثابت ہوئی تھی تاہم اس کے کچھ سائیڈ ایفیکٹس بھی سامنے آئے تھے۔

اس ویکسین کی وجہ سے سن 1970 اور 80 کی دہائیوں میں کالی کھانسی کا پھیلاؤ روکنے میں بہت زیادہ مدد ملی تھی۔

1990 کی دہائی کے آخر اور سن 2000 کی دہائی کے اوائل میں اس ویکسین کا نیا ورژن متعارف کرویا گیا تھا۔

اگرچہ سیکنڈ جنریشن ویکسین کے کوئی ضمنی اثرات سامنے نہ آئے لیکن اس کے مؤثر ہونے پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

لیبارٹری نتائج کے مطابق بھی یہ نئی ویکسین پرانی کے مقابلے میں کم مؤثر ثابت ہوئی جبکہ یہ کم وقت کے لیے مدافعت پیدا کرتی ہے۔

اس صورتحال میں کیا ہو سکتا ہے؟

برطانیہ کی باتھ یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر اینڈریو پریسٹن نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ کالی کھانسی کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے اس بیماری پر کام کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے مشکل سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

انسداد کورونا ویکسین: جرمنی میں انسانوں پر تجربات کی اجازت

کورونا مریضوں کی اموات میں تین گنا اضافہ

پریسٹن کے بقول بوسٹر ویکسین اس بیماری کے پھیلاؤ کو کم کرنے کا ایک طریقہ ہو سکتا ہے لیکن، ''یہ مکمل طور پر واضح نہیں کہ ان بوسٹرز سے تاثیر کھوئے بغیر مدافعت میں کتنی دیر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔‘‘

پریسٹن نے بتایا کہ کالی کھانسی کی نئی ویکسینز موجود ہیں، جن میں سے کچھ کافی بہتر ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ ان ویکسینز کو موجودہ ویکسین شیڈول میں شامل کرنا مشکل ہوگا۔

یورپ میں کالی کھانسی کی ویکسین کو پانچ دیگر ویکسینز کے ساتھ ملا کر سنگل شاٹ کے طور پر بچوں کو دیا جاتا ہے۔ اس لیے ایک نئی ویکسین متعارف کروانے کے لیے اس مشترکہ ویکسین پروگرام کی تنظیم نو کی ضرورت ہو گی۔ پریسٹن کے بقول اس ویکسین پروگرام کو نئے سرے سے ترتیب دینا ایک انتہائی محنت طلب کام ہو گا۔ 

 

کلیئر روتھ (ع ب، ا ب ا)

کھانسی سے کورونا کا پتہ چلانے والی موبائل ایپ

03:30

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں