1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ بھر میں موبائل فونز پر رومنگ سرچارج ختم

عابد حسین
15 جون 2017

آج پندرہ جون سے یورپ بھر میں موبائل استعمال کرنے والے صارفین کو رومنگ سرچارج سے نجات مل گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق یورپی یونین کی تمام اٹھائیس ریاستوں پر ہو گا۔

Symbolbild Roaming-Gebühren
تصویر: picture-alliance/dpa

رومنگ سرچارج ختم کرنے پر یورپی یونین کو بعض ملکوں کی جانب سے دباؤ کا بھی سامنا تھا لیکن اس فیصلے کے نفاذ کو یونین کی ایک بڑی کامیابی تصور کیا گیا ہے۔ اس فیصلے تک پہنچنے میں یونین کو تقریباً ایک دہائی لگی ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب براعظم یورپ میں موسم گرما جاری ہے اور لوگ مختلف ملکوں کے سیاحتی مقامات کا رخ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

یورپی یونین کے اس فیصلے کا عوامی سطح پر بھی خیرمقدم کا سلسلہ جاری ہے حالاں کہ یونین کو بریگزٹ کے بعد سیاسی اور اقتصادی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب سارے یورپ میں ٹیلی فون کال اور ایس ایم ایس کرنا لوکل ہو گیا ہے۔ یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود یُنکر نے اس تناظر میں کہا کہ یونین کا یہ فیصلہ عام لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کا باعث ہو گا۔

یورپی پارلیمنٹ کے سربراہ انتونیو تاژانی نے اس مناسبت سے اپنے بیان میں کہا کہ اب سارے یورپ میں لوگوں کو اپنی موبائل ڈیوائسز کے استعمال میں جو راحت ملے گی، وہ ایک غیرمعمولی عمل ہو گا۔ تاژانی کے مطابق رومنگ سرچارج کا خاتمہ یورپی یونین کا انتہائی اہم فیصلہ اور کامیاب قدم ہے۔

آج پندرہ جون سے یورپ بھر میں موبائل استعمال کرنے والے صارفین کو رومنگ سرچارج سے نجات مل گئی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/D. Naupold

ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ آیا بریگزٹ کے بعد بھی برطانیہ کے شہری بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے یا نہیں۔ اس فیصلے سے ایک بات تو طے ہے کہ انگلش چینل کے آرپار کے شہریوں کو مسرت حاصل ہوئی ہے۔ انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان گیری لائنیکر نے ٹویٹ کرتے ہوئے اسے ایک شاندار پیش رفت قرار دیا۔

اسی طرح برطانیہ کی کئی نامی گرامی شخصیات نے یورپی یونین کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ انگلش میڈیا کی مشہور شخصیت اسٹین کولیمور نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے رومنگ سرچارج کا پندرہ جون سے خاتمہ ایک بڑا قدم ہے اور برطانوی شہری بھی بریگزٹ کا عمل مکمل ہونے تک اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں