1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

کیا جرمنی کو افغان مہاجرین کی ملک بدری روک دینی چاہیے؟

15 جولائی 2021

افغانستان سے امریکی اور نیٹو فورسز کے انخلا کا عمل شروع ہونے کے ساتھ ہی اس ملک میں امن و امان کی صورت حال مسلسل ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ کیا ان حالات میں جرمنی کو افغان مہاجرین کی ملک بدری روک دینی چاہیے؟

Abschiebung Abschiebeflüge
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Babbar

بدھ تیرہ جولائی کو افغان صوبے قندھار میں ایک سرحدی گزرگاہ پر طالبان نے افغان پرچم اتار کر اپنا جھنڈا لہرا دیا ہے۔ یہ ایک مثال ہے کہ بنیاد پرست سخت عقیدے کے طالبان ملک میں اپنا دائرہ اثر کس طرح پھیلاتے جا رہے ہیں۔ ان کا یہ دعویٰ ہے کہ ملک کا پچاسی فیصد حصہ اس وقت ان کے زیر اثر ہے۔ یہ بھی عام تاثر ہے کہ امریکی اور نیٹو افواج کے مکمل انخلا کے بعد طالبان عسکریت پسند اپنی کارروائیوں میں مزید تیزی لے آئیں گے۔

افغانستان کا اُجڑا شہر لشکر گاہ بے گھر افراد کا سہارا، ماہرین آثار قدیمہ کو تشویش

افغان مہاجرین کی ملک بدری روک دی جائے

گزشتہ ویک اینڈ پر کابل میں قائم افغان حکومت نے یورپی حکومتوں سے درخواست کی ہے کہ وہ افغانستان میں سلامتی  کی حالات اور کورونا وبا کے تناظر میں افغان مہاجرین کی ملک بدری کو کم از کم تین ماہ کے لیے معطل کر دیں۔

طالبان کا یہ دعویٰ ہے کہ افغانستان کا پچاسی فیصد حصہ اس وقت ان کے زیر اثر ہےتصویر: Asghar Achakzai/AFP/Getty Images

اس اپیل کے باوجود بعض یورپی حکومتیں افغان مہاجرین کی ملک بدری کا سلسلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان میں جرمنی بھی شامل ہے۔ ابھی سات جولائی کو جرمنی سے ستائیس افراد کو ایک پرواز کے ذریعے واپس افغانستان روانہ کیا گیا۔ ان میں زیادہ تر کا جرمنی میں مجرمانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا ریکارڈ موجود تھا۔ جرمنی سے واپس بھیجا جانے والا یہ چالیسواں گروپ تھا۔

جرمنی: ملک بدر افغان شہریوں کی فلائٹ منسوخ

سی ڈی یو کا موقف

جرمن پارلیمنٹ میں سب سے بڑے سیاسی گروپ یعنی دائیں جانب جھکاؤ رکھنے والی حکمران سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹ یونین (سی ڈی یو) اور اس کی حلیف جماعت کرسچین سوشل یونین (سی ایس یو) کے ڈپٹی چیئرمین تھورسٹن فرائی نے افغان حکومت کی مہاجرین کی واپسی کا عمل معطل کرنے کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک بدری کا سلسلہ روکنے کی بظاہر کوئی مضبوط بنیاد نہیں بنائی گئی ہے۔ فرائی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جرمنی کی وفاقی ریاستیں اپنی جگہ پر آزاد ہیں اور وہ وفاقی حکومت کی سفارش پر ملک بدریوں کو روکنے کی مجاز ہیں۔

جنگی حالات کے تناظر میں مختلف ملکوں میں سے افغان مہاجرین کی ملک بدری کی مخالفت کئی حلقے کر رہے ہیںتصویر: DW/S. Tanha Shokran

چند روز قبل جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی تشدد بڑھنے کے باوجود صحیح سمت میں ہے۔ جرمنی سے افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسہ سن 2016 سے جاری ہے اور اب تک ایک ہزار ایک سو چار افراد کو خصوصی پروازوں کے ذریعے کابل پہنچایا جا چکا ہے۔

ریفیوجی تنطیمیں ملک بدری روکنے کی حمایت میں

افغانستان کی سلامتی کے حالات کے تناظر میں فن لینڈ افغان مہاجرین کی واپسی پر عمل درآمد روک چکا ہے۔ دوسری جانب ریفیوجی تنظیمیں دیگر یورپی اقوام کو فن لینڈ کی تقلید کرنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔ ان تنظیموں نے جرمنی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سردست افغان مہاجرین کی واپسی کے سلسلے کو روک دے۔

مزید چھبیس افغان مہاجرین جرمنی بدر

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے کیونکہ ان مہاجرین کا ملک جنگی حالات کا شکار ہے۔ ایمنسٹی سے وابستہ ایشیا کی انسانی حقوق کی ماہر تھریسا بیرگمان کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کی درخواست پر جرمن حکومت کو مثبت ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت ہے۔ بیرگمان کا مزید کہنا ہے کہ جرمن قانون بھی یہی کہتا ہے کہ انسانی بنیادوں پر ملک بدری کو روکنا ممکن ہے۔

کابل میں قائم افغان حکومت نے یورپی حکومتوں سے درخواست کی ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی ملک بدری معطل کر دیںتصویر: DW/S. Tanha Shokran

لاکھوں افغان شہری پناہ کی تلاش میں

گلوبل پیس انڈیکس میں افغانستان رہنے کے لیے ایک انتہائی خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی اقوام عالم کو متنبہ کیا ہے کہ اس ملک کی داخلی صورت حال انتہائی مخدوش ہو گئی ہے اور ایک بڑا انسانی المیہ اور بحران جنم لینے والا ہے کیونکہ پرتشدد حالات کی وجہ سے بے شمار افراد کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق غیر ملکی افواج کا انخلا شروع ہونے کے بعد پینتیس لاکھ افراد گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔۔

فولکر ویٹنگ (ع ح / ع ا)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں