1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ لیگ: جرمن کلب اشٹٹ گارٹ باہر

15 مارچ 2013

یورپ میں فٹ بال کلبوں کے دوسرے اہم ٹورنامنٹ یورپ لیگ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے تمام میچ گزشتہ رات مکمل ہو گئے ہیں۔ جرمن کلب اشٹٹ گارٹ کو اطالوی کلب لاسیو نے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

یورپی فٹ بال کلبوں کے دوسرے اہم ترین ٹورنامنٹ یورپ لیگ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے تمام میچ گزشتہ رات مکمل ہو گئے ہیں۔ اب کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے میچوں کے ڈراز کا اعلان پندرہ مارچ کو کیا جائے گا۔ کوارٹر فائنل مرحلے کے میچوں کا پہلا مرحلہ چار اپریل کو اور دوسرا مرحلہ گیارہ اپریل کو ہو گا۔ جمعرات کو کھیلے جانے والے میچوں میں جرمن فٹ بال کلب اشٹٹ گارٹ کو اٹلی کے دارالحکومت روم سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کلب لاسیو نے شکست سے دوچار کیا۔

اطالوی کلب لاسیو کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

روم کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہوئی۔ اطالوی کلب کی جانب سے چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی لیبور کوزاک (Libor Kozák) کی ہیٹ ٹرک شامل ہے۔ چوبیس سالہ فارورڈ کھلاڑی اب یورپ لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بن گیا ہے۔ جرمن کلب اشٹٹ گارٹ کے خلاف کوزاک نے میچ کے پہلے دس منٹوں میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کر دیا تھا۔ لیبور کوزاک نے تیسرا گول میچ کے اختتام سے چند منٹ قبل کیا تھا۔

اٹلی کا انٹر میلان کلب ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہےتصویر: Getty Images

یہ امر اہم ہے کہ اشٹٹ گارٹ میں کھیلے جانے والے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے حصے میں بھی اطالوی کلب لاسیو نے جرمن کلب کو دو گول کے فرق سے ہرایا تھا۔ اشٹٹ گارٹ کی جانب سے کوئی گول نہیں ہو سکا تھا۔ جرمنی کا تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ خوش قسمتی سے یورپ لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے حالانکہ برطانوی کلب آرسنل نے پری کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں بائرن میونخ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر گول اوسط برابر کر دی تھی لیکن آرسنل کے ہوم گراؤنڈ میں زیادہ گول کرنے کی بنیاد پر بائرن میونخ کی ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

یورپ لیگ کے جمعرات کے روز کھیلے گئے میچوں میں فرانس کے بوردو (Bordeaux) کو بھی پرتگال کے فٹ بال کلب بیفیکا (Benfica) نے دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے فارغ کر دیا۔ برطانیہ کے چیلسی فٹ بال کلب نے رومانیہ کے بخارسٹ کلب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ چیلسی کلب کو کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔ ترکی کے فٹ بال کلب فینیر باچے نے بھی کوارٹر فائنل مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ترک فٹ بال کلب نے چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے کلب کو ہرایا تھا۔ اطالوی کلب انٹر میلان میچ جیت کر بھی گول اوسط کی بنیاد پر ٹورنامنٹ سے خارج ہو گیا ہے۔ برطانوی کلب ٹوٹن ہیم ہاٹ سپر اگلے مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔

(ah/ng(AFP, AP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں