1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ لیگ کا تاج پھر ہسپانوی کلب کے سر پر

امجد علی15 مئی 2014

ٹلی کے شہر تورین میں کھیلے جانے والے ایک سنسنی خیز فائنل مقابلے میں اسپین کے کلب ایف سی اشبیلیہ نے پرتگال کے کلب بینفیکا لزبن کو پنلٹی شُوٹ آؤٹ میں دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر یورپ لیگ کا ٹائیٹل جیت لیا۔

ہسپانوی فٹ بال کلب اشبیلیہ کے کھلاڑی یورپ لیگ کا فائنل جیتنے کے بعد کپ اٹھائے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں
ہسپانوی فٹ بال کلب اشبیلیہ کے کھلاڑی یورپ لیگ کا فائنل جیتنے کے بعد کپ اٹھائے خوشی کا اظہار کر رہے ہیںتصویر: Reuters

اس طرح بدھ چَودہ مئی کی شام ایف سی اشبیلیہ نے 2006ء کے بعد سے تیسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ آٹھ برسوں میں اس تیسری کامیابی کے ہیرو اشبیلیہ کے گول کیپر بیٹو تھے، جو بنیادی طور پر پرتگال سے رکھتے ہیں اور جو دو پنلٹی کِکس روکنے میں کامیاب رہے۔ اس سے پہلے تینتیس ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے کھیلے جانے والے میچ میں ایک سو بیس منٹ کے بعد بھی مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا تھا۔ ان تماشائیوں میں سے بارہ ہزار اشبیلیہ کے شہری تھے۔

ایف سی اشبیلیہ اور بینفیکا لزبن کے دزرمیان کھیلے جانے والے میچ کا ایک منظرتصویر: Clive Rose/Getty Images

بینفیکا لزبن کے لیے کل کے فائنل میں یہ شکست اس لحاظ سے بھی کڑوی ہے کہ نہ صرف یہ کلب گزشتہ سال بھی اس ٹورنامنٹ کا فائنل ہار گیا تھا بلکہ گزشتہ باون برسوں میں آٹھویں مرتبہ ایسا ہوا کہ یہ ٹیم اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ کر شکست سے دوچار ہو گئی۔ بینفیکا لزبن کی ٹیم کئی اچھے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی تاہم ٹیم کے کوچ یورقے جیزز پھر بھی اپنی ٹیم کی کارکردگی پر مطمئن تھے۔ اُنہوں نے کہا ’بہترین ٹیم جیت نہیں پائی، بینفیکا کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی جانی چاہیے، کچھ بھی ایسا نہیں ہے، جسے مَیں ہدفِ تنقید بنا سکتا ہوں‘۔

گزشتہ شام جیسے ہی پنلٹی شُوٹ آؤٹ کا سلسلہ ختم ہوا، اشبیلیہ میں ہزارہا ہسپانوی شہری اپنے گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے اور پھر رات دیر گئے تک اپنی فٹ بال ٹیم کی کامیابی کا جشن مناتے رہے۔

پرتگیزی کلب بینفیکا لزبن کے کوچ یورقے جیززتصویر: Getty Images

اگرچہ بدھ کے فائنل میچ میں اشبیلیہ کی ٹیم پاس دینے میں وہ مہارت نہیں دکھا پائی، جو کہ اسپین کی قومی ٹیم یا پھر بارسلونا کا خاصا ہے تاہم اُس کی پنلٹی کارنر لینے اور بچانے کی تکنیک شاندار رہی۔ اس شعبے میں اشبیلیہ کی ٹیم نے اُسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے ساتھ اسپین کی قومی ٹیم نے 2012ء کی یورپی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پرتگال کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

اشبیلیہ کی اس کامیابی کا مطلب یہ ہے کہ فٹ بال کے رواں سیزن میں تمام اہم فٹ بال ٹائیٹل اسپین کے پاس چلے جائیں گے کیونکہ چوبیس مئی کو چیمپئنز لیگ کا فائنل بھی ریال میڈرڈ اور اٹلیٹیکو میڈرڈ کی صورت میں دو ہسپانوی ٹیموں ہی کے مابین کھیلا جانے والا ہے۔ اسی طرح جب اگست میں یوئیفا سپر کپ کے اگلے سیزن کا آغاز ہو گا تو بھی پہلا میچ دو ہسپانوی چیمپئن ٹیموں ہی کے مابین کھیلا جائے گا۔ لیکن اُس سے بھی پہلے فٹ بال کا عالمی کپ کھیلا جانے والا ہے اور یہ اعزاز بھی اسپین کے حصے میں آ سکتا ہے۔

بارہ جون سے برازیل میں شروع ہونے والے ورلڈ فٹ بال کپ کے مقابلوں میں اسپین اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں