1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں آزادی کی تحریکیں

Adnan Ishaq16 اکتوبر 2012

یورپ کے مختلف ممالک میں آزادی کے حصول کی جدوجہد جاری ہے۔ اسکاٹ لینڈ، باسک اور اسپین کے خطےکاتالونیا کے باسی ایک خود مختار ریاست چاہتے ہیں۔ بیلجیئم میں زبان کی بنیاد پر تنازعہ موجود ہے۔

تصویر: AP

سلطنت برطانیہ کے ساتھ 300 سال رہنے کے بعد اب اسکاٹ لینڈ کے باسیوں کو ایک عوامی ریفرنڈم کے ذریعے خود مختاری حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ یورپ میں دفتر شماریات کے مطابق یورپی ممالک میں اقتصادی طور پر مستحکم علاقے اپنے اپنے وطنوں سے الگ ہونا چاہتے ۔ ’’برطانیہ پر حکومت کرو ، ہم پر نہیں‘‘ اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے لیے چلائی جانے والی تحریک کا نعرہ بھی اس سے کچھ ملتا جلتا ہو گا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور اسکاٹ لینڈ کی صوبائی حکومت کے سربراہ الیکس سیل منڈ ’ Alex Salmond ‘ کے مابین طے پانے والے معاہدے کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں آزادی کا ریفرنڈم 2014ء میں منعقد کرایا جائے گا۔

اسکاٹ لینڈ میںریفرنڈم 2014ء میں منعقد کرایا جائے گاتصویر: Reuters

لیکن اسکاٹ لینڈ اپنے اس نعرے کے ساتھ یورپ میں تنہا نہیں ہے۔ اسپین میں بھی باسک علیحدگی پسند خود مختاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ باسک علاقے رقبے کے لحاظ سے اسپین کا دس فیصد بنتے ہیں تاہم مجموعی قومی پیداوار میں ان علاقوں کا حصہ ایک چوتھائی بنتا ہے۔ اسی طرح اب اگر شمالی اٹلی اور میلان کے ارد گرد کے علاقوں کی بات کی جائے تو وہ ملک کے معاشی اعتبار سے کمزور جنوبی حصے کی مزید مدد نہیں کرنا چاہتے۔ اسی طرح اسکاٹ لینڈ بھی تیل کی پیدوار سے ہونے والی آمدنی اپنے پاس ہی رکھنا چاہتا ہے۔

لیکن بیلجیئم میں صورتحال بہت ہی نازک ہے، جہاں ولندیزی اور فرانسیسی بولنے والوں یعنی فلیمش اور والونیہ آبادیوں کے مابین شدید اختلاف پائے جاتے ہیں۔ ولندیزی اکثریت والے علاقوں کا ملک کے دیگر حصے سے الگ ہونے کا مطالبہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ یہاں بھی اقتصادی پہلو نمایاں ہے کیونکہ بیلجیئم کی مجموعی قومی پیداوار میں ولندیزی علاقوں کا حصہ ساٹھ فیصد بنتا ہے۔

اسپین میں بھی باسک علیحدگی پسند خود مختاری کا مطالبہ کر رہے ہیںتصویر: AFP/Getty Images

اس تناظر میں جرمنی کی یونیورسٹی کیل کی پروفیسر زلکے گوچ کہتی ہیں کہ علیحدہ ہونے کے مطالبےکے پیچھے صرف معاشی ہی نہیں ہیں بلکہ اور بھی کئی پہلو ہوتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ مطالبہ ایک زبان اور ایک ثقافت کے علاوہ یکساں ماضی ہونے کی وجہ سے بھی جنم لیتا ہے۔ ان کے بقول اس تناظر میں مذہب اور کسی ملک کا جغرافیہ بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین کہتے کہ اسپین اور آئرلینڈ کو علیحدگی پسندوں کی جانب سے بم دھماکوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ لیکن یورپ کی ان تحریکوں کا دنیا کے دوسرے خطوں سے مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔ مثال کے طور پر اریٹیریا، سوڈان یا مشرقی تیمور میں چلنے والی تحریکیں بہت زیادہ خونریز ہیں۔ ماہرین کے بقول باسک، فلیمش اور اسکاٹ لینڈ سب ہی خود مختار بننے کی خواہش رکھتے ہیں، لیکن یہ راستہ خطرات سے خالی نہیں ہے۔

M.Koch / ai / aba

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں