1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندری طوفان زابینے: یورپ بھر میں ایئر ٹریفک بند

9 فروری 2020

طوفان کا نام کیرا ہے یا زابینے، اس سے قطع نظر خطرناک سمندری طوفان زابینے نے یورپ کے کئی ممالک کو شدید متاثر کیا ہے۔ جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک میں فضائی اور زمینی ٹرانسپورٹ کا نظام درھم برھم ہو چکا ہے۔

UK Sturmtief "Ciara"
تصویر: picture-alliance/empics/A. Matthews

سو میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے چلنے والے جھکڑ لیے سمندری طوفان زابینے اتوار کی سہ پہر تک شمالی یورپی ممالک سے ٹکرا چکا ہے اور اب انہی تیز ہواؤں اور بارش کو ساتھ لیے اس کا سفر جنوب کی جانب جاری ہے۔ جرمنی سمیت اس طوفان سے متاثر ہونے والے ممالک کی موجودہ صورت حال درج ذیل ہے۔

جرمنی

جرمنی نے ملک کے بیشتر حصوں کے لیے دوسرا بڑا الرٹ جاری کر رکھا ہے جب کہ بلیک فارسٹ کے علاقوں میں خطرناک ترین درجہ چار کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ طوفان زابینے آج رات ملک کے جنوبی حصوں تک پہنچ جائے گا۔

تصویر: Imago Images/Zuma/R. Tang

جرمنی میں خطرناک سمندری طوفان کی آمد

جرمنی میں ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جس کے باعث درختوں کے گرنے کا خطرہ بھی ہے۔

فرینکفرٹ، ہیمبرگ، برلن، کولون، ہینوور اور بریمن کے ہوائی اڈوں سے پروازیں متاثر ہوں گی۔ بون کولون ایئرپورٹ سے پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ ملک کے سب سے بڑے فرینکفرٹ ایئرپورٹ سے کم از کم ایک سو پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جب کہ ہزار سے زیادہ پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم ایئرلائنز موسم کی صورت حال دیکھ کر اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کی مجاز ہیں۔

قومی ریل کمپنی ڈوئچے بان نے طویل فاصلے کی ٹرینیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی کے شمال میں واقع شہر سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

فٹبال کی قومی لیگ کا میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے جب کہ کھیلوں کے دیگر مقابلے اور عوامی تقریبات بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔

برطانیہ

برطانیہ میں سن 2013 کے بعد سے اب تک کا یہ طاقتور ترین طوفان ہو گا جس میں ہوا کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رہنے کا خطرہ ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے ہنگامی سیلاب کے کم از کم 22 وارننگ اور سیلاب کے خطرے کے 149 الرٹ جاری کیے ہیں۔ نقل و حرکت کے بحری، فضائی اور زمینی ذریعے محدود کر دیے گئے ہیں۔

تصویر: imago images/ZUMA Press

بیلجیم

بیلجیم کو بھی آج نو فروری بروز اتوار صبح دس بجے سے آئندہ چوبیس گھنٹوں تک زابینے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

برسلز ہوائی اڈے سے اب تک 60 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہے۔ قومی فٹبال لیگ کے آج ہونے والے میچ بھی موخر کر دیے گئے۔

فرانس

فرانس میں بھی حکام نے سیلاب اور طوفان کے باعث ممکنہ خطروں سے خبردار کر رکھا ہے۔ ملک کے شمال اور شمال مغربی علاقے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ ہے اور کچھ علاقوں میں ہوا کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

فلوریڈا میں سمندری طوفان کے بعد کے مناظر

01:06

This browser does not support the video element.

ہالینڈ

ہالینڈ کو آج صبح سے زابینے کا سامنا کرنا پڑا۔ دن کے وقت ہوا کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو چکی تھی جو شام تک 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ سے درجنوں پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔

آئرلینڈ

آئرلینڈ کے ساحلی علاقوں میں سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔ طوفان کی شدت کے پیش نظر زیادہ تر عوامی تقریبات منسوخ کی جا چکی ہیں۔

تصویر: picture-alliance/dpa/D. Young

ڈنمارک

زابینے ڈنمارک سے ٹکرا چکا ہے۔ مقامی میڈیا نے کئی حادثات ہونے کی اطلاعات دی ہیں تاہم بظاہر اب تک ڈنمارک کے زیادہ تر علاقے شدید طوفان سے بچے رہے ہیں۔

ناروے

ناروے کے محکمہ موسمیات نے آج صبح سے لے کر شام دس بجے تک کے لیے 'زرد وارننگ‘ جاری کر رکھی ہے۔

سویڈن اور ڈنمارک کے مابین کئی فیریز منسوخ کی جا چکی ہیں اور کئی سڑکوں کو بھی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں