1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں کووڈ ویکسین کی ڈیلیوری میں مزید تاخیر

23 جنوری 2021

کووڈ کی ویکیسن بنانے والی ایک اور کمپنی نے بھی خبردار کر دیا ہے کہ یورپی ممالک کو ویکسین کی ترسیل میں تاخیر ہو جائے گی۔ اس پیش رفت پر یورپ میں مایوسی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔

Symbolbild Impfstoff Impfung Coronavirus
تصویر: FrankHoemann/SvenSimon/picture alliance

فائزر بائیو این ٹیک کے بعد کووڈ کی ویکیسن بنانے والی ایک اور کمپنی ایسٹرا زینیکا نے بھی کہہ دیا ہے کہ پروڈکشن کے مسائل کی وجہ سے یورپ کو فراہم کی جانے والی ویکسین کی طے شدہ  تعداد کا ہدف پورا نہیں کیا جا سکتا۔

اس پیشرفت پر یورپی کمیشن کے ہیلتھ کمشنر نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اگرچہ یورپی حکام کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ کمی کتنی بڑی ہو گی تاہم یورپی یونین کے ایک عہدیدار نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ طے شدہ تعداد سے نصف ویکسین یونٹس فراہم کیے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کمپنی نے اس برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران ساٹھ ملین خوارکیں فراہم کرنے کا کہا تھا لیکن اب پروڈکشن مسائل کی وجہ سے اکتیس ملین خوراکیں ہی فراہم کی جا سکیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: کووڈ انیس: جاپان ميں بھی نئے کورونا وائرس کی میوٹیٹڈ قسم دريافت

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس کمپنی نے ستائیس یورپی ممالک کو مارچ تک 80 ملین خوارکیں فراہم کرنی تھیں۔

ایسٹرا زینیکا ویکسین آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ اگرچہ یورپی یونین نے ابھی تک اس ویکسین کو منظور نہیں کیا ہے تاہم قوی توقع ہے کہ رواں ماہ کے اختتام تک اس کے استعمال کی اجازت دے دی جائے گی۔

پاکستان میں کورونا کی نئی قسم کا پھیلاؤ

01:19

This browser does not support the video element.

یورپ میں سخت سفری پابندیاں

ادھر یورپی ممالک میں کووڈ کی تبدیل شدہ قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے متعدد ممالک نے سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ بیلجیم، فرانس، پرتگال اور فن لینڈ کے حکام نے کہا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد کووڈ کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

ان پابندیوں کے تحت ان ممالک کا رخ کرنے والے افراد کو سفر سے پہلے ہی کووڈ ٹیسٹ کرانا ہو گا جبکہ آمد کے بعد قرنطینہ میں بھی جانا ہو گا۔

دریں اثناء یورپی رہنماؤں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی بلاک میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ کووڈ کی تبدیل شدہ یہ نئی جنیاتی قسم پہلی مرتبہ برطانیہ میں تشخیص کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: یورپی اقوام کے لیے کورونا ویکسین کی قلت

یورپی حکام کے مطابق برطانیہ کے علاوہ برازیل اور جنوبی افریقہ سے آنے والے افراد میں بھی اس نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔ اب یہ نئی قسم یورپی یونین کے متعدد ممالک میں بھی پھیل چکی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قسم انتہائی تیزی سے پھیلتی ہے، اس لیے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

ع ب / ع آ (روئٹرز، ڈی پی اے، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں