1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’یورپ چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فراموش نہ کرے‘

11 فروری 2012

انسانی حقوق کے عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ نے یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ منگل کے روز چین کے ساتھ سربراہ کانفرنس میں چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزوں کے خلاف آواز اٹھائے اور انہیں فراموش نہ کرے۔

جمعے کے روز ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یورپی یونین کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے کہ بیجنگ میں ای یو اور چین کے درمیان ہونے والی سربراہ کانفرنس کے موقع پر چین میں آزادی اظہار پر قدغن اور حکومتی ناقدین کے خلاف کارروائیوں کے خلاف یورپ کی تشویش کا ذکر کانفرنس کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی کرے۔

ہیومن رائٹس واچ کی چین کے لیے بطور ڈائریکٹر خدمات سرانجام دینے والی سوفی رچرڈسن کے مطابق، ’یورپ کو انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کے ساتھ ساتھ بیجنگ حکومت پر زور دینا چاپیے کہ وہ اس سلسلے میں ملک میں شفاف اور مثبت تبدیلیاں لائے‘۔

چین میں جیل کاٹنے والے نوبل انعام یافتہ لیو شیابوتصویر: picture-alliance/dpa

بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کو یہ بات بیجنگ حکومت کو باور کروانی چاہیے کہ چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابل قبول ہیں اور یہ باہمی تعلقات کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

رواں ماہ کی چھ تاریخ کو ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے یورپی کونسل کے صدر ہیرمن فان رومپوئے اور یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانوئل باروسو کو تحریر کردہ خطوط میں کہا گیا تھا کہ چین میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے یورپی رہنما ان سے ملاقاتیں کریں۔ اس کے علاوہ چین سے باہر رہ کر اپنے ملک میں انسانی حقوق کی تقویت کے لیے کام کرنے والے افراد کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔

ان خطوط میں دونوں اعلیٰ یورپی رہنماؤں کو دیگر تجاویز بھی دی گئی ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین چین پر یہ واضح کر دے کہ فریقین کے درمیان طویل تعلقات انسانی حقوق کی خراب صورتحال میں قائم نہیں کیے جا سکتے۔ اس خط میں نوبل انعام برائے امن حاصل کرنے والے چینی مصنف اورحقوق انسانی کےسرگرم کارکن لیو شیابو کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شیابو کو سن 2009ء میں ’تخریب کاری‘ کے الزام میں گیارہ برس کی قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔ سن 2010ء میں شیابو کو نوبل انعام دیا گیا تھا، تاہم وہ آج بھی سزائے قید بھگت رہے ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: عاطف بلوچ

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں