1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان، نیو نازی گولڈن ڈان پارٹی کا سربراہ گرفتار

عاطف بلوچ28 ستمبر 2013

یونانی پولیس نے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی پارٹی ’گولڈن ڈان‘ کے سربراہ سمیت اس پارٹی کے متعدد ممبران کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ ایک منظم جرائم پیشہ تنظیم بنانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔

یونان کی تیسری مقبول ترین پارٹی ’گولڈن ڈان‘ کے سربراہ نکولاس میکالولیاکیستصویر: dapd

آج بروز ہفتہ یونان کی تیسری مقبول ترین پارٹی ’گولڈن ڈان‘ کے سربراہ نکولاس میکالولیاکیس اور پارٹی کے ترجمان الیاس کازی دیاریس سمیت اس نیو نازی پارٹی کے دو اراکین پارلیمان اور دس ممبران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق درجنوں دیگر ممبران اور اراکین پارلیمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے ایک ایس ایم ایس پیغام کے ذریعے میڈیا کو بتایا ہے کہ مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے ان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

بالخصوص تارکین وطن پر حملوں کے حوالے سے گولڈن ڈان پارٹی کے ممبران ماضی میں متعدد مرتبہ مبینہ طور پر ملوث قرار دیے جا چکے ہیں۔ ہفتے کے دن گرفتار کیے جانے والے 56 سالہ نکولاس میکالولیاکیس جرمنی میں دوسری عالمی جنگ کے دوران کئی ملین یہودیوں کے قتل عام سے بھی انکار کرتے ہیں۔

گولڈن ڈان پارٹی کے ممبران پرتشدد کارروائیوں میں ملوث قرار دیے جا چکے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

یونان میں 2012ء میں منعقد کیے گئے انتخابات میں اس پارٹی نے مجموعی طور پر سات فیصد ووٹ حاصل کیے تھے اور یوں تین سو رکنی ملکی پارلیمان میں اس فاشسٹ پارٹی کے اٹھارہ ممبران کا انتخاب ممکن ہو گیا تھا۔ اگر اس پارٹی کے ممبران پارلیمان سے مستعفی ہو جاتے ہیں تو مالی مشکلات کے شکار ملک یونان میں ضمنی انتخابات ناگزیر ہو جائیں گے۔

نیو نازی گولڈن ڈان پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاریاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں، جب پولیس چند روز پہلے ہی ہلاک کر دیے جانے والے بائیں بازو کے نظریات سے تعلق رکھنے والے نسل پرستی کے مخالف سنگر پاوَلوس فیسس کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس قتل تحقیقات کے سلسلے میں گولڈن ڈان پارٹی کے ایک ممبر پر بھی شک کیا جا رہا ہے۔ یونانی حکام نے بتایا ہے کہ گولڈن ڈان پارٹی کے گرفتار کیے گئے ممبران کو مکمل قانونی مشاورت فراہم کی جائے گی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے عمل کو شفاف رکھا جائے گا۔

گولڈن ڈان پارٹی کی تاریخ

یونان کے سابق آمر گیورگیوس پاپادوپولوس کے شاگرد نکولاس اور ان کی اہلیہ ایلینی زارولیا Eleni Zaroulia گولڈن ڈان پارٹی کے روح رواں تصور کیے جاتے ہیں۔ نکولاس کو جب 1970ء کے اواخر میں ایک بم حملے کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا تو انہوں نے قید میں اپنا وقت پاپادوپولوس کے ساتھ بسر کیا تھا۔ ایلینی 2012ء کے انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ پارلیمان کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ جب وہ پہلی مرتبہ ایوان زیریں پہنچیں تو انہوں نے ایک ایسی انگوٹھی پہن رکھی تھی، جس پر نازی جرمن افواج کا مخصوص نشان کنندہ تھا۔

نکولاس میکالولیاکیس کے گھرانے کا تعلق یونان کے جنوبی جزیرہ نما علاقے Peloponnese سے ہے۔ یہ علاقہ بالخصوص دائیں بازو کے نطریات کے حامل افراد کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ نکولاس کی پچیس سالہ بیٹی یورانیا بھی گولڈن ڈان پارٹی کی ایک اہم رکن ہیں۔ وہ اپنے ساتھیوں پر زور دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ پارٹی کے ’مقدس نظریات‘ پر سب کچھ قربان کر دینا چاہیے۔

یونان کے سابق آمر گیورگیوس پاپادوپولوستصویر: picture-alliance/dpa

یونان کے سابق آمر نے نکولاس کو پہلی مرتبہ انتہائی دائیں بازو کے نوجوانوں کے لیے بنائے گئے گروپ EPEN کے سربراہ کے طور پر منتخب کیا تھا۔ یونان میں آمریت کے خاتمے کے بعد نکولاس نے 1980ء کے وسط میں گولڈن ڈان پارٹی کی بنیاد رکھ دی تھی۔ وہ 2010ء میں ایتھنز کے بلدیاتی کونسلر کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔

یہ امر اہم ہے کہ گولڈن ڈان خود کو نیو نازی پارٹی کہلوانا پسند نہیں کرتی ہے۔ یہ پارٹی ایسے تمام الزامات کو بھی رد کرتی ہے کہ اس کے ممبران پُر تشدد کارروائیوں میں ملوث ہوتے ہیں یا ترک وطن کا پس منظر رکھنے والے یونانیوں پر حملے کرتے ہیں۔

یونان کے Ethnos نامی روزنامے نے گزشتہ برس رپورٹ کیا تھا کہ نکولاس اور ان کی اہلیہ 2012ء کے انتخابات تک ایتھنز میں واقع ایک ’سیکس ہوٹل‘ کے مالکان میں شامل تھے۔ بعدازاں نکولاس نے یہ تسلیم کیا تھا کہ ان کی اہلیہ اس ہوٹل کے پندرہ فیصد حصص کی مالک ہیں۔ تاہم انہوں نے اصرار کیا تھا، ’’میں نہیں جانتا کہ یہ کس قسم کا ہوٹل ہے۔ ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں کہ ہوٹل کی انتظامیہ وہاں کیا کرتی ہے۔‘‘

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں