1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان پہنچنے کی کوشش، نوّے مہاجرین اسمگلر سمیت پکڑے گئے

12 نومبر 2017

یونانی پولیس نے انسانوں کو اسمگل کرنے کے شبے میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ یورپی یونین غیر قانونی مہاجرین کی یورپ آمد کو روکنے کی خاطر غیرمعمولی اقدامات کر رہی ہے۔

Griechenland Bauerprotest auf der Grenze
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/N. Economou

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے یونانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک ایسے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جو اپنے کنٹینر ٹرک میں نوّے مہاجرین کو اسمگل کرنے کی کوشش میں تھا۔ بارہ نومبر بروز اتوار یونانی پولیس نے بتایا کہ جمعے کو علی الصبح اس مشتبہ شخص کو شمالی یونانی شہر سالونیکی سے گرفتار کیا گیا۔

اسمگلروں نے یورپ کے لیے نیا راستہ ڈھونڈ لیا

یونان: 14 مغوی پاکستانی تارکین وطن رہا کرا لیے گئے

مہاجرین کا راستہ کیسے روکا جائے؟ اٹلی کا نیا منصوبہ

مال بردار ٹرینوں میں چھپے مہاجرین کیسے پکڑے جاتے ہیں؟

01:50

This browser does not support the video element.

ہفتے کے دن یونانی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ گرفتار کیا گیا شخص خود بھی ایک یونانی شہری ہے، جس کی عمر پچپن سال ہے۔ یہ یونانی شہری 90 مہاجرین کو اپنے ٹرک میں چھپا کر انہیں ایتھنز اسمگل کرنے کی کوشش میں تھا۔

یونان سمیت دیگر یورپی ممالک نے حالیہ عرصے میں مہاجرین کی غیر قانونی نقل وحرکت کو روکنے کی خاطر اضافی اقدامات کیے ہیں۔ اس سے قبل بھی مختلف یورپی ممالک میں انسانوں کے متعدد اسمگلروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

یونانی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سالونیکی میں کی گئی اس تازہ کارروائی میں حراست میں لیے گئے مہاجرین میں اکیس بچے بھی شامل ہیں۔ ان نوّے مہاجرین میں سے ساٹھ سے زائد کا تعلق عراق سے بتایا گیا ہے۔

ٹرک کے کنٹینر سے برآمد ہونے والے دیگر مہاجرین کا تعلق شام، ایتھوپیا، کانگو، ایران اور اریٹریا سے ہے۔

یونانی پولیس کے مطابق ان مہاجرین نے اپنا غیر قانونی سفر ترکی سے شروع کیا تھا۔ ان مہاجرین نے انسانوں کے اسمگلروں کو فی کس اٹھارہ سو یورو دیے تھے تاکہ انہیں یونانی دارالحکومت ایتھنز پہنچا دیا جائے۔

اسی دوران ایک دوسرے واقعے میں یونانی پولیس نے ترکی کے ساتھ سرحد سے متصل یونانی علاقے سے ایک انتالیس سالہ شامی باشندے کو بھی گرفتار کیا ہے، جو دس مہاجرین کو غیر قانونی طور پر یونان لانے کی کوشش میں تھا۔

بتایا گیا ہے کہ اس شامی شہری کے ہمراہ مہاجرین میں سے نو کا تعلق شام جبکہ ایک کا عراق سے تھا۔ یہ مشتبہ شخص اپنی گاڑی میں ان افراد کو ایتھنز لانے کی کوشش میں تھا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں