1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

یوکرینی صدر کا سال نو کا پرجوش عوامی خطاب، ’فتح تک لڑیں گے‘

1 جنوری 2023

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اپنے سال نو کے پیغام میں عہد کیا ہے کہ وہ یوکرین کی آزادی تک روسی فوجی جارحیت کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔

Silvester I Neujahr 2022 I Ukraine
تصویر: Valentyn Ogirenko/REUTERS

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سال نو کے موقع پر عوام سے کہا ہے کہ نیا سال ان کے لیے فتح لے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی افواج اور عوام روسی جارحیت کے آگے نہیں جھکیں گے اور روسی حملوں کا جواب دیں گے۔

زیلنسکی نے اپنے پرجوش عوامی خطاب میں کہا، ''سن دو ہزار تیئیس میں یوکرین فاتح ہو گا اور ہم خوشیاں منائیں گے اور ایک دوسرے کو گلے ملیں گے۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کی یوکرینی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یوکرینی فضائی دفاعی نظام نے روسی ڈرونز سے حملہ ناکام بنا دیا

یوکرینی دارالحکومت پر ڈرونز کے ذریعے تازہ ترین روسی حملہ

دوسری طرف روسی افواج نے سال نو کے موقع پر بھی یوکرین میں اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ دارالحکومت کییف کے علاوہ کئی شہروں میں میزائل داغے جا رہے ہیں جبکہ روسی افواج کی طرف سے ان حملوں کے باوجود یوکرینی افواج مزاحمت دکھا رہی ہیں۔

زیلنسکی نے اپنے عوامی پیغام میں ان روسی حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ''کیا کوئی شے ہمیں واقعی خوفزدہ کر سکتی ہے؟ نہیں! کیا کوئی ہمیں روک سکتا ہے؟ نہیں! یہ سب اس لیے ممکن ہوا ہے کیونکہ ہم سب متحد ہیں اور اسی کے لیے ہم یہ جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ہم ایک دوسرے کے لیے کر رہے ہیں۔‘‘

جنگ سے وقفہ، یوکرین میں کرسمس کی بے قرار خوشیاں

04:02

This browser does not support the video element.

فوج کا خصوصی شکریہ

نئے سال کے آغاز پر نصف شب کیے گئے اپنے اس خطاب میں زیلنسکی نے یوکرینی فوجیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فوجیوں کی ہمت اور استقلال کو لاجواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریباﹰ ایک سال گزر جانے کے باوجود روسی فوج اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکی، جس کی وجہ یوکرینی فوج کی طرف سے کیا جانے والا دفاع ہے۔

یوکرینی صدر زیلنسکی نے مزید کہا کہ وہ ملکی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، جس نے شہریوں کو بھی یہ حوصلہ دیا کہ وہ اپنے طور پر روسی جارحیت کا جواب دیں، ''ہم سب ہی فائٹر ہیں۔ ہم سب ہی محاذوں پر ہیں۔ ہم سب ہی اپنے ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔‘‘

یوکرین تمام مشکلات کے باوجود روس کے خلاف کامیاب کیسے رہا ہے؟

 

یوکرین کی روس کو امن مذاکرات کی مشروط پیشکش

زیلنسکی نے اپنے اس جذباتی خطاب میں کہا کہ اس جنگ میں کامیابی کے بعد ملک کی تعمیر نو اور بحالی کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مغربی اتحادیوں کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے اس جنگ میں یوکرین کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

مغربی ممالک یوکرین پر روس کی طرف سے مسلط کردہ اس جنگ میں نہ صرف کییف کو جنگی ساز و سامان مہیا کر رہے ہیں بلکہ یوکرینی افواج کو تربیت بھی دے رہیں ہیں۔ یوکرینی صدر کا البتہ کہنا ہے کہ روسی ظلم و جبر کا مقابلہ کرنے کی خاطر یوکرین کو زیادہ جدید اسلحہ فراہم کیا جائے۔

دنیا کے لیے پیغام

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سال نو کے اپنے اس خطاب میں دنیا کو بھی ایک پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین نے دنیا کو تبدیل کر دیا ہے۔ روسی حملوں کے تناظر میں انہوں نے مزید کہا کہ کییف کا عزم لازوال ہے۔

زیلسنکی نے مزید کہا، ''ہمیں کہا گیا کہ ہتھیار ڈال دو۔ ہم نے جوابی حملہ کرنے کو ترجیح دی۔ ہمیں کہا گیا کہ سمجھوتہ کرو اور (روس کو) رعایات دو۔ ہم نے یورپی یونین اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں شمولیت کا راستہ اختیار کیا۔‘‘

زیلسنکی نے کہا کہ یوکرین سن 2023 میں بھی یہ جنگ لڑنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے حوصلے غیرمتزلزل ہیں۔ انہوں نے عالمی برداری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ''میں آپ سب کو جیت کی مبارک باد دینا چاہتا ہوں اور یہی سب سے اہم بات ہے۔ یوکرین کی یہ خواہش، یعنی روس کے خلاف جیت۔‘‘

ع ب، م م (خبر رساں ادارے)

یوکرین کا جرمنی سے مزید اسلحے کا مطالبہ

02:11

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں