1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

یوکرین بھی جزوی جنگ بندی پر راضی

صلاح الدین زین اے پی، اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
20 مارچ 2025

یوکرین کے صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کی بات چیت مثبت رہی اور وہ بھی 'جزوی جنگ بندی' کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رواں برس ہی پائیدار امن کا حصول ممکن ہے۔

یوکرینی فوجی
زیلینسکی کے مطابق امریکہ اور یوکرین نے اپنے دفاعی عملے کے درمیان قریبی معلومات کا تبادلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے، کیونکہ میدان جنگ کی صورت حال مسلسل بدل رہی ہےتصویر: Roman Chop/AP Photo/dpa/picture alliance

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بات کرنے کے ایک دن بعد اپنے یوکرینی ہم منصب وولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ فون پر ایک گھنٹہ طویل بات چیت کی اور اس گفتگو کو انہوں نے "بہت ہی اچھا"  قرار دیا۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ فون کال، "گزشتہ روز صدر پوٹن کے ساتھ فون پر کی گئی بات چیت پر مبنی تھی، تاکہ روس اور یوکرین دونوں کو ان کی درخواستوں اور ضروریات کے لحاظ سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں رہنما "پوری طرح سے راستے پر ہیں" اور وہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز کو جلد ہی اس بات چیت کی تفصیل فراہم کرنے کو کہیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کے روز فون پر بات کی تھی اور صرف توانائی سے متعلق بنیادی ڈھانچوں پر حملوں کو روکنے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم صدر پوٹن نے 30 دن کی وسیع جنگ بندی کے لیے ٹرمپ کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

’پوٹن ایک کھیل کھیل رہے ہیں‘، جرمن وزیر دفاع

بات چیت کے بعد زیلینسکی نے کیا کہا؟

ٹرمپ سے فون پر بات چیت کے بعد زیلنسکی نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ ٹرمپ کی قیادت میں "اس سال ہی دیرپا امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔"

ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران زیلنسکی نے کہا کہ وہ جزوی جنگ بندی کے لیے تیار ہیں، جس میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے، ریل اور بندرگاہوں کی سہولیات پر حملوں کو روکنا شامل ہے اور اس پر فوری طور پر عمل کیا جا سکتا ہے۔

تاہم یوکرین کے صدر نے خبردار کیا کہ اگر ماسکو نے جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی تو ان کا ملک جوابی کارروائی کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کے روز فون پر بات کی تھی اور صرف توانائی سے متعلق بنیادی ڈھانچوں پر حملوں کو روکنے پر اتفاق کیا تھاتصویر: Russian Presidential Press and Information Office/Handout/Anadolu Agency/picture alliance | Pete Marovich/CNP/AdMedia/picture alliance

انہوں نے ڈرونز اور میزائلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ جب تک ہم (روس کے ساتھ) متفق نہیں ہوں گے اور جزوی جنگ بندی پر بھی متعلقہ دستاویز موجود نہیں ہوں گے، تو یہ سب کچھ ہوا میں اڑ جائے گا۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ "دونوں رہنماؤں نے اپنے دفاعی عملے کے درمیان قریبی معلومات کا تبادلہ کرنے پر اتفاق کیا کیونکہ میدان جنگ کی صورت حال مسلسل بدل رہی ہے۔"

یوکرین: ٹرمپ سے بات چیت میں پوٹن محدود جنگ بندی پر راضی

اوول آفس میں تلخ کلامی کے بعد ٹرمپ اور زیلینسکی کے درمیان بدھ کے روز پہلی بار یہ بات چیت ہوئی۔ البتہ اس واقعے کے بعد سے دونوں رہنماؤں کی ٹیموں نے سعودی عرب میں ملاقات کی اور مجوزہ 30 دن کی جنگ بندی پر بات چیت بھی کی تھی۔

یہ پیش رفت زیلنسکی کے لیے راحت کے طور پر سامنے آئے گی، جنہوں نے بدھ کے روز صحافیوں کو آن لائن بریفنگ کے دوران ٹرمپ کے ساتھ اپنی گفتگو کو "مثبت"، "کھل کر" اور "بہت اہم" قرار دیا۔

انہوں نے سوشل میڈيا ایکس پر مزید لکھا، "ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ کے ساتھ، صدر ٹرمپ کے ساتھ اور امریکی قیادت میں اسی برس دیرپا امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔"

صحافیوں کے ساتھ ویڈیو کال کے دوران زیلنسکی نے یہ بھی کہا کہ ان کا خیال ہے کہ پوٹن مکمل جنگ بندی پر رضامند نہیں ہوں گے، جب کہ یوکرین کے فوجی روس کے مغربی کرسک علاقے میں موجود ہیں۔

پوٹن کے ساتھ گفتگو میں یوکرین میں فائربندی پر بات ہو گی، ڈونلڈ ٹرمپ

زیلنسکی اور پوٹن دونوں نے کہا ہے کہ وہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کو روکنے پر رضامند ہیں۔ تاہم، دونوں نے ایک دوسرے پر مسلسل حملوں کا الزام بھی لگایا ہے۔

زیلینسکی نے سوشل میڈيا ایکس پر لکھا کہ 'ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ کے ساتھ، صدر ٹرمپ کے ساتھ اور امریکی قیادت میں اسی برس دیرپا امن حاصل کیا جا سکتا ہے'تصویر: HEIKKI SAUKKOMAA/Lehtikuva/AFP/Getty Images

روس اور امریکہ کی تکنیکی ٹیمیں ریاض میں ملاقات کریں گی

ادھر وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب یوری اُشاکوف سے "یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں" کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

والٹز نے ایکس پر لکھا کہ مشیروں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ان کی "تکنیکی ٹیمیں آنے والے دنوں میں ریاض میں ملاقات کریں گی تاکہ صدر ٹرمپ نے روس سے حاصل کی گئی جزوی جنگ بندی کو نافذ کرنے اور اسے وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔"

پوٹن اگر امن کے لیے سنجیدہ ہیں تو جنگ بندی معاہدے پر دستخط کریں، اسٹارمر

البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وفود میں کون کون شامل تھا، یا یوکرین کے حکام کو بھی آئندہ مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے یا نہیں۔

امریکہ یوکرین کے جوہری پلانٹ چلا سکتا

امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی کو یقینی بنانے میں مدد ملی تو امریکہ یوکرین کے جوہری پلانٹ اپنی ماتحتی میں لینے کا قدم اٹھا سکتا ہے۔

رائٹ نے امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو بتایا، "اگر اس مقصد کو حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے، تو امریکہ یوکرین میں نیوکلیئر پاور پلانٹس چلا سکتا ہے۔ اس میں کوئی مسئلہ نہیں اور ہم ایسا کر سکتے ہیں۔"

فوکس کے انٹرویو میں پوچھے جانے پر کہ یہ کیسے کام کرے گا، رائٹ نے کہا، "ان پلانٹس کو چلانے کے لیے ہمارے پاس امریکہ میں بے پناہ تکنیکی مہارت ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس کے لیے زمین پر فوج اتارنے کی ضرورت ہے۔"

یوکرین میں جنگ بندی کے لیے روسی صدر پوٹن کی شرائط

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کو مشورہ دیا تھا کہ امریکہ یوکرین کے جوہری پاور پلانٹس کو چلانے میں مدد کر سکتا ہے۔

نیوکلیئر انرجی ایجنسی کے مطابق یوکرین میں چار پاور پلانٹس ہیں، جو جنگ سے پہلے کی یوکرین کی نصف بجلی پیدا کرتے تھے۔

تدوین جاوید اختر

ٹرمپ کا متوقع یوکرین پلان، کییف میں غیر یقینی کی کیفیت

01:48

This browser does not support the video element.

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں