1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیورپ

'روس کی جنگ ایک اہم موڑ ہے'، جرمن وزیر خارجہ

2 مارچ 2022

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران جرمن وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ دنیا کو یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 'روس کی جنگ جھوٹ پر مبنی ہے۔'

USA Annalena Baerbock UN Vollversammlung
تصویر: Andrea Renault/Getty Images/AFP

جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئر بوک نے منگل کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ یوکرین پر روسی حملے کی شدید طور پر مذمت کرنے والی قرارداد کے حق میں ووٹ دیں۔

 جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیئر بوک نے کہا کہ عالمی برادری کو، ''امن اور جارحیت، انصاف اور طاقتور کی مرضی کے درمیان، عمل کرنے اور نظر انداز کرنے کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے۔''

روس کی جنگ جھوٹ پر مبنی ہے

جرمن وزیر خارجہ بیئربوک نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے نے ایک اہم موڑ کی نشاندہی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ''اسی لیے یہ جنگ صرف یوکرین کے بارے میں نہیں ہے اور نہ ہی صرف یورپ کے بارے میں ہے، بلکہ ہم سب کے بارے میں ہے۔ روس کی جنگ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ یہ ایک اہم موڑ ہے۔''

جرمن وزیر خارجہ نے کہا، ''روس کی جنگ ایک جارحیت ہے اور یہ جھوٹ پر مبنی ہے۔'' ان کا مزید کہنا تھا، ''آپ کہتے ہیں کہ اپنے دفاع میں کارروائی کر رہے ہیں، تاہم پوری دنیا نے دیکھا کہ آپ نے اس حملے کی تیاری کے لیے کئی ماہ تک اپنی فوجوں کو تیار کیا۔''

 جرمن وزیر خارجہ نے روس کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا کہ وہ ایک امن مشن پر ہے۔

تصویر: Andrea Renault/Getty Images/AFP

ان کا کہنا تھا، ''آپ کہتے ہیں کہ روس امن کے دستے بھیج رہا ہے، لیکن آپ کے ٹینک پانی تو نہیں پہنچا رہے ہیں، آپ کے ٹینک بچوں کے لئے غذائی اشیا نہیں لے جا رہے ہیں، آپ کے ٹینک امن نہیں لے جا رہے، بلکہ آپ کے ٹینک موت اور تباہی لے کر جا رہے ہیں۔''

'آپ ہمیں دھوکہ نہیں دے سکتے'

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئر بوک نے روس پر الزام لگایا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک مستقل رکن کی حیثیت سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو بھی سخت پیغام دیتے ہوئے کہا، ''مسٹر لاوروف، آپ اپنے آپ کو تو دھوکہ دے سکتے ہیں، لیکن آپ ہمیں، ہمارے اور اپنے لوگوں کو فریب مبتلا نہیں کر سکتے۔''

بیئربوک نے کہا کہ انہیں امن اور سلامتی کے ماحول میں میں پروان چڑھنے کا زبردست اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے دوسری عالمی جنگ کے بعد اقوام متحدہ کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ بھی، ''نازی جرمنی کی طرف سے شروع کی گئی تھی جو ایک بہت ہی بے رحم جنگ'' تھی۔

سرحد پار کرنے کی کوشش کے دوران افریقی نژاد افراد کے ساتھ تفریق برتنے والے الزامات پر بات کرتے ہوئے، جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ '' قومیت کے امتیاز کے  بغیر ہر پناہ گزین کو تحفظ ملنا چاہیے۔''

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں