1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرین: پیٹریاٹ میزائیلوں کا مطالبہ اور امریکہ کی یقین دہانی

5 اپریل 2024

یوکرین کے وزیر خارجہ نے برسلز میں نیٹو کے اراکین سے کہا کہ وہ دفاعی اتحاد کی 75ویں سالگرہ کے تقریب کو خراب کرنا نہیں چاہتے لیکن یوکرینی عوام کا یہ پیغام پہنچانے پر مجبور ہیں کہ انہیں پیٹریاٹ میزائیلوں کی اشد ضرورت ہے۔

یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا
یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا نے کہا کہ انہیں پیٹریاٹ میزائیلوں کی اشد ضرورت ہےتصویر: Johanna Geron/REUTERS

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے پورے یورپ اور شمالی امریکہ میں اجتماعی دفاع کے اپنے 75سال مکمل ہونے پر چار اپریل کو برسلز میں ایک تقریب میں یوکرین کا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ سالگرہ ایسے وقت منائی گئی جب 32 ملکی دفاعی اتحاد یوکرین کو زیادہ متوقع طویل مدتی فوجی مدد فراہم کرنے کے منصوبے پر غور کررہا ہے۔

نیٹو وزرائے خارجہ کا اجلاس جاری، یوکرین کی امداد پر غور وخوض

نیٹو کا یوکرین کے لیے 100بلین یورو کا فوجی فنڈ زیر غور

گولہ بارود کی قلت سے دوچار یوکرین نے اس ہفتے فوجی بھرتی کے لیے نوجوانوں کی عمر 27 سال سے کم کرکے 25 سال کردی ہے تاکہ فوج کی صفوں میں کمی کو پورا کیا جاسکے۔ یوکرین نے روس کے بیلسٹک میزائل حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نیٹو سے اضافی فضائی دفاع کی اپیل کی ہے۔

تقریب میں موجود یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا، جنہوں نے نیٹو یوکرین کونسل کی میٹنگ میں شرکت کی، کہا  "میں نیٹو کی سالگرہ کی تقریب کو خراب نہیں کرنا چاہتا، لیکن اپنے ملک پر روسی فضائی حملوں سے ہماری توانائی کے نظام، ہماری معیشت اور شہریوں کی ہلاکتوں پر اپنے ملک کے باشندوں کی جانب سے میں ایک سنجیدہ پیغام دینے پر مجبور ہوں۔ میرا آج کا سب سے اہم پیغام پیٹریاٹس ہیں۔"

امریکی ساخت پیٹریاٹس میزائلیں زمین سے فضا میں مار کرتی ہیں۔ کولیبا کے مطابق پیٹریاٹ سے ان کا ملک روسی بیلسٹک میزائیلوں کے حملے سے اپنا دفاع کرسکے گا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ روس کی جارحیت سے مقابلے کے لیے یوکرین کے پاس وہ سب کچھ ہو جو اسے درکار ہےتصویر: Oliver Matthys/AFP

امریکہ کی یقین دہانی

کولیبا نے کہا کہ"یوکرینیوں کی زندگی بچانا، یوکرین کی معیشت کو بچانا، یوکرین کے شہروں کو بچانا، یوکرین میں یہ پیٹریاٹس اور دیگر ایئر ڈیفنس سسٹمز کی دستیابی پر منحصر ہے۔ اور پیٹریاٹ وہ واحد نظام ہے جو بیلسٹک میزائلوں کو مؤثر طریقے سے روکتا ہے۔"

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے نیٹو وزرائے خارجہ کے اجلاس میں یوکرین کے حوالے سے کہا کہ" ہم وہ سب کچھ کریں گے جو ہم کرسکتے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ روس کی جارحیت سے مقابلے کے لیے یوکرین کے پاس وہ سب کچھ ہو جو اسے درکار ہے۔"

یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کے دو سال: مغربی رہنما کییف میں

روس کے خلاف یوکرینی کامیابیاں ’بڑی پیش رفت‘ ہیں، نیٹو

لیکن، بلنکن نے اس خدشے پر اتحاد کی بے چینی کو بھی تسلیم کیا کہ اگر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ انتخابات میں دوبارہ وائٹ ہاوس پر قبضہ کرلیتے ہیں تو یوکرین اور نیٹو دونوں کے لیے امریکی وابستگی پر فرق پڑسکتا ہے۔ نیٹو کے متعلق ٹرمپ شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

کولیبا نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ سے بھی ملاقات کی اور نئے اضافی فضائی دفاعی نظام بالخوصوص امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائل فراہم کرنے کی اپیل کی۔

اسٹولٹن برگ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اتحادی اب واپس جا کر اپنے فوجی ذخائر کا جائزہ لیں اور یہ دیکھیں گے کہ آیا وہ یوکرین کو مزید دفاعی سسٹمز فراہم کر سکتے ہیں، خاص طور پر پیٹریاٹ۔ اتحادی یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ یوکرین کے پاس جو فضائی دفاعی سسٹمز موجود ہیں، ان کے لیے گولا بارود اور اسپیئر پارٹس بھی اس کے پاس ہونے چاہیئں۔

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں