1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتروس

یوکرین کا ماسکو پر بڑا ڈرون حملہ، ایک خاتون ہلاک

10 ستمبر 2024

حکام کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا اور پچاس کے قریب پروازوں کے روٹس تبدیل کر دیے گئے۔ یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے بھی راتوں رات اس پر ڈرون حملہ کیا۔

یوکرین کی جانب سے کیے گئے حملے میں ماسکو ریجن کے ضلع رامنسکوئے میں ایک اونچی عمارت کو تقصان پہنچا
یوکرین کی جانب سے کیے گئے حملے میں ماسکو ریجن کے ضلع رامنسکوئے میں ایک اونچی عمارت کو تقصان پہنچاتصویر: AP/picture alliance´

 روس میں ماسکو ریجن پر، جہاں ملکی دارالحکومت ماسکو شہر بھی واقع ہے، یوکرین کی جانب سے منگل کے روز کیے گئے ایک ڈرون حملے میں کم از کم ایک خاتون ہلاک ہو گئیں۔ اس حملے کو یوکرین کا ماسکو پر اب تک کیا جانے والا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث درجنوں گھروں کو نقصان بھی پہنچا۔

روس کے مطابق اس حملے دوران کم از کم 20 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ روسی حکام نے مزید بتایا ہے کہ اس علاقے میں واقع چار ہوائی اڈے چھ گھنٹوں سے زیادہ وقت کے لیے بند رہے اور پچاس کے قریب پروازوں کی روٹس تبدیل کرنا پڑیں۔

ماسکو ریجن کے ضلع رامنسکوئے میں ایک اونچی عمارت کو تقصان پہنچا اور رہائشیوں کے مطابق وہاں کئی گھروں میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔ ماسکو ریجن کے گورنر کے مطابق اس حملے میں رامنسکوئے میں ایک 46 سالہ خاتون ہلاک ہو گئیں ہیں اور تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرون حملہ اس بات کی یاد دہانی تھا کہ یوکرین کی سیاسی قیادت کی کیا فطرت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قیادت روس کے دشمنوں پر مشتمل ہے۔

پیسکوف نے کہا، ''رہائشی علاقوں پر رات گئے کیے گئے حملوں کو کسی طور فوجی کارروائیوں سے منسلک نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''کییف میں موجود حکومت اپنی فطرت کا مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہ ہمارے دشمن ہیں اور اس قسم کی کارروائیوں سے اپنی حفاظت کے لیے ہمیں خصوصی عسکری آپریشن جاری رکھنا ہو گا۔‘‘

یوکرین پر روسی حملے کے دو برس مکمل

03:27

This browser does not support the video element.

روس 'خصوصی عسکری آپریشن‘ کی اصطلاح کا استعمال فروری 2022 سے جاری یوکرین جنگ کے لیے کرتا ہے۔ اس جنگ کا آغاز روس کے یوکرین میں ہزاروں کی تعداد میں اپنے فوجی بھیجنے کے ساتھ ہوا تھا۔

ماسکو پر آج کے حملے کے حوالے سے یوکرین کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

روسی فوج کے مطابق آج برائنسک کے علاقے میں بھی ایک یوکرینی حملے کے دوران 70 سے زائد ڈرون کو مار گرایا گیا۔ تاہم اس علاقے سے کسی ہلاکت کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔     

دوسری جانب یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے بھی راتوں رات اس پر 46 ڈرونز سے حملہ کیا، جن میں سے 38 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

م ا ⁄ ش خ (روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں