یو ایس اوپن: اعصام الحق مینز ڈبل کا فائنل بھی ہار گئے
11 ستمبر 2010یو ایس اوپن کے مردوں کے ڈبلز فائنل میں برصغیر کی جوڑی کو عالمی نمبر ایک ٹیم کا مقابلہ کرنا تھا۔ میچ کے بعد باب برادران نےاعتراف کیا کہ اعصام الحق اور بوپنا نے بہترین کھیل پیش کیا اورانہیں پریشان کئے رکھا۔
اعصام الحق نے پاکستانی عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یو ایس اوپن کے دونوں ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں شکست کھانے پرافسردہ ہیں کیونکہ وہ سیلاب زدہ پاکستانی عوام کے لئے یہ ٹائٹل جیتنا چاہتے تھے۔
میچ کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کو کچھ دیر کے لئے ہی سہی لیکن خوش ہونے کی ایک وجہ دینے میں ضرور کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنی کاشوں کو پاکستان کےاکیس ملین سیلاب زدگان کے نام منسوب کیا۔ اعصام الحق نے کہا کہ ان کی کوشش تھی کی وہ پاکستان کا نام روشن کریں اور اس میں کسی حد تک انہیں کامیابی بھی ملی ہے۔ اس میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اعصام الحق کو ٹیلی فون کر کے ’گڈ لک‘ کہا۔
مینزڈبل کا فائنل میچ دیکھنے کے لئے اقوام متحدہ کے لئے بھارتی سفیرہردیپ سنگھ پوری اور پاکستانی سفیرعبداللہ حسین ہارون بھی تماشائیوں میں موجود تھے۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے اپنی ٹیم کا حوصلہ بلند کرتے رہے۔
خیال رہے کہ برائن برادران نے یہ ٹائٹل تیسری مرتبہ جیتا ہے۔ مائک اور باب ڈبلزکے کامیاب ترین کھلاڑی ہیں اورمجموعی طور پر65 ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں، جن میں سے 9 گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی شامل ہیں۔ اعصام الحق نے کہا ہے کہ ان بھائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ بہترین کھلاڑی ہیں۔ ان بھائیوں کے خلاف کھیلنے پر اعصام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام زندگی اپنے اس مخصوص تجربے کو یاد رکھیں گے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: افسر اعوان