1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو ایس اوپن ٹائٹل، پہلی مرتبہ نادال کے نام

14 ستمبر 2010

ہسپانوی ٹینس سٹار رافائیل نادال نے یو ایس اوپن کے فائنل میں سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

تصویر: AP

رافائیل نادال اب ان سات کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں، جنہوں نے ومبلڈن، فرنچ، آسٹریلین اور یو ایس اوپن جیسے بڑے ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی ہو۔

نیویارک میں کھیلےگئےتین گھنٹےاورتنتالیس منٹ طویل اس فائنل میچ میں عالمی نمبر ایک نادال نے چھ چار، پانچ سات، چھ چار اور چھ دو سے جوکووچ کو ہرایا۔ چوبیس سالہ نادال ایسے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے مسلسل تین بڑے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے ہیں۔ وہ یو ایس اوپن جیتنے سے قبل فرنچ اوپن اور ومبلڈن بھی جیت چکے ہیں اور اب ان کے پاس موقع ہے کہ وہ آئندہ سال جنوری میں منعقد ہونے والے آسٹریلین اوپن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایک نیا ریکارڈ بنا ڈالیں۔

رافائیل نادال مجموعی طورپرکل نو گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے پانچ مرتبہ فرنچ اوپن، دو مرتبہ ومبلڈن جبکہ ایک مرتبہ آسٹریلین اوراب پہلی بار یو ایس اوپن جیتا ہے۔

سرب کھلاڑی نوواک جوکووچتصویر: AP

یو ایس اوپن کا فائنل میچ بارش کی وجہ سے متاثر تو ہوا لیکن اس دوران نادال کے حوصلے بلند ہی رہے۔ تقریب انعامات کے دوران نادال نے کہا کہ ان کے لئے یہ وقت خوابوں سے بڑھ کر ہے، ’’کچھ ہی لمحات میں جب میں ٹرافی اپنے ہاتھوں میں لوں گا تو یہ میرے لئے ناقابل یقین ہو گا۔‘‘

اس موقع پر جوکووچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے شک نادال ایک بہترین کھلاڑی ثابت ہوا ہے،’’ اس وقت نادال دنیائے ٹینس کا ایک بہترین کھلاڑی ہے اور وہ اس ٹائٹل کا حق دار ہے۔‘‘

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں