یو ایس اوپن: کوارٹر فائنل شروع
8 ستمبر 2010منگل کی شام کو امریکی شہر نیویارک کے ٹینس کمپلیکس واقع فلشنگ مےڈوز میں خواتین سنگلز کے دو کوارٹر فائنل مکمل ہو گئے ہیں۔ ان میں پہلا وینس ولیمز اور فرانسیسکا سکیاوونے کے درمیان تھا اور دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن کم کلائسٹرز کا مقابلہ آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوزر سے تھا۔ فرانسیسکا سکیاوونے پہلے سیٹ میں امریکی کھلاڑی وینس ولیمز کے پاور پلے کا بھرپور مقابلہ کیا مگر دوسرے سیٹ میں وہ ہمت ہارتی دکھائی دیں اور یوں وینس ولیمز پہلا کوارٹر فائنل میچ جیت کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر گئیں۔سکیاوونے اور ولیمز کے درمیان پہلا سیٹ بھی ٹائی بریک پر مکمل ہوا۔
پری کوارٹر فائنل مرحلے میں بیلجیئم کی دفاعی چیمپیئن کم کلائسٹرز نے سیربیا کی سابقہ عالمی نمبر ایک انا ایوانووچ کو ایسے ہرایا جیسے ایوانووچ کوئی نووارد ہوں۔ اس مناسبت سے کوارٹر فائنل میں کم کلائسٹرز کا مقابلہ آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوزر سےسامنا تھا جو آج کل اچھا کھیل پیش کر رہی ہیں۔ کلائسٹرز نے پہلا سیٹ ضرور جیتا لیکن دوسرے میں وہ اف کلر دکھائی دے رہی تھیں۔ اسی بنا پر سٹوزر کو دوسرا سیٹ جیتنے میں آسانی حاصل رہی۔ آسٹریلوی کھلاڑی سٹوزر دفاعی چیمپیئن کلائسٹرز کو تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں شکست دینے میں ناکام رہیں۔ کم کلائسٹرز کا سیمی فائنل میں مقابلہ وینس ولیمز سے ہو گا۔
بدھ کو خواتین کے سنگلز کوارٹر فائنل مقابلوں میں ٹورنامنٹ کی پسندیدہ ترین کھلاڑی کیرولین ووصنیاکی کا مقابلہ سلوواکیہ کی ڈومینیکا سیبُولکووا سے ہو رہا ہے۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں روس کی ویرا زوانوریوا کا مقابل ایسٹونیا کی کایا کانیپی سے ہو گا۔
مردوں میں عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کو ایک بار پھر سویڈن کے زور دار کھلاڑی رابن سوڈرلنگ کا سامنا ہے۔ رابن سوڈرلینگ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے فیڈرر کو اس وقت ہرایا تھا جب وہ بھرپور فارم میں تھے۔ جاری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں راجر فیڈرر کی فارم نہایت عمدہ جاری ہے۔ ابھی تک وہ مشکلات کا شکار نہیں ہوئے ہیں۔ ان کا پہلی بار سخت مقابلہ کوارٹر فائنل میں ہو گا۔ کوارٹر فائنل میں سیربیا کے نوواک جوکووچ کو فرانس کے مُونفل کا سامنا ہے۔
مردوں کے کوارٹر فائنل بدھ اور جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ خواتین کے تمام کوارٹر فائنل بدھ کو مکمل ہو جائیں گے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف