1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یہ اچھا نہیں، ٹکٹ بغیر زبردستی اسٹیڈیم داخل نہ ہوں، محمد نبی

30 اکتوبر 2021

افغان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے اپنے ہم وطنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹکٹ خرید کر اسٹیڈیم کا رخ کریں اور بغیر ٹکٹ کے زبردستی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔

Asia Cup Cricket | Afghanistan vs. Bangladesch
تصویر: Getty Images/AFP/I.S. Kodikara

عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ ٹو کے ایک گروپ میچ میں پاکستان سے شکست کے بعد افغان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو کہنا پڑ گیا کہ افغان مداح ٹکٹ خرید کر ہی اسٹیڈیم کا رخ کریں۔

جمعے کے دن پاکستان اور افغانستان کے مابین میچ انتہائی پرجوش رہا، نہ صرف میدان میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ میدان میں موجود دونوں ممالک کے مداحوں نے بھی اپنی اپنی ٹیموں کو دل کھول کر داد دی۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کا سماں ایسا تھا کہ کانوں پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔

اس میچ میں افغان ٹیم کی شاندار کارکردگی نے ان کے مداحوں کے دل جیت لیے۔ تاہم میچ کے آخر میں محمد آصف کی کرشماتی بلے بازی نے اس میچ کا نتیجہ بدل دیا۔ ورنہ تو یوں بھی معلوم ہو رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ ہار جائے گا۔

میچ کے دوران جہاں اسٹیڈیم کے اندر شائقین اپنی اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے، وہیں اسٹیڈیم کے باہر بھی سماں دیدنی تھا۔ اس دوران کئی افغان مداحوں نے ٹکٹ کے بغیر ہی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔

پاکستان کے خلاف محمد نبی نے شنادار بلے بازی کیتصویر: Aijaz Rahi/ASSOCIATED PRESS/picture alliance

اس پیشرفت پر افغان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے مایوسی کا اظہار کیا اور اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ زبردستی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔ اس قبل افغانستان اور سکاٹ لینڈ کے مابین گروپ میچ میں بھی ایسی اطلاعات تھیں کہ کچھ افغان مداحوں نے ٹکٹ خریدے بغیر اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔

نبی نے کہا،'' افغان مداح، برائے مہربانی ٹکٹ خریدیں اور پھر اسٹیڈیم کا رخ کریں۔ ایسا دوبارہ مت کیجیے گا۔ یہ اچھا نہیں۔‘‘

دبئی اسٹیڈیم کے باہر موجود جن لوگوں نے ٹکٹ کے بغیر اسٹیڈیم میں داخلے کی کوشش کی انہوں نے افغان پرچم اٹھا رکھے تھے۔ سکیورٹی کی خاطر یوں پولیس نے میچ شروع ہونے کے ایک گھنٹے بعد اسٹیڈیم کے تمام دروازے بند کر دیے۔

انتظامیہ کے مطابق گراؤنڈ کے اندر کے ماحول کو محفوظ رکھنے کی خاطر یہ قدم اٹھایا  گیا تھا۔ تاہم اس بدنظمی کی وجہ سے کئی ایسے لوگ بھی اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے محروم ہو گئے، جنہوں نے ٹکٹ خرید رکھے تھے کیونکہ بدنظمی کے بعد اسٹیڈیم کے گیٹ نہیں کھولے گئے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل، انڈین کرکٹ بورڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ نے ایسے مداحوں سے معذرت کی ہے، جو ٹکٹ خریدنے کے باوجود اسٹیڈیم میں نہیں جا سکے۔ ایسے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ٹکٹ پروائڈر سے رابطہ کریں۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اماراتی کرکٹ بورڈ سے کہا ہے کہ وہ جمعے کے رات رونما ہونے والے ان واقعات کا نوٹس لے اور مکمل انکوائری کی جائے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ مستقبل میں اس طرح کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔

ع ب ، ع ح (خبر رساں ادارے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں