1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلافغانستان

’یہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ہماری بہترین جیتوں میں سے ایک ہے‘

شمشیر حیدر سوشل میڈیا
8 جون 2024

افغانستان نے نیوزی لینڈ کو عالمی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔ ورلڈ کپ مقابلے میں افغانستان نے ایک مشکل پچ پر پہلے کھیلتے ہوئے 159 رنز بنائے، جواب میں نیوزی لینڈ صرف 75 رنز بنا سکی۔

افغانستان کی بہترین باؤلنگ، گرباز اپیل کرتے ہوئے
تصویر: Ramon Espinosa/AP/picture alliance

نیوزی لینڈ کو بھاری مارجن سے شکست دینے کے بعد افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے کہا، ''یہ جیت نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیم کے خلاف افغانستان کی بہترین کارکردگی ہے۔ افغانستان کے لیے ایک زبردست جیت ہے۔ اس ٹیم کی قیادت کرنا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیم کے خلاف جیتنا بہت اچھا احساس ہے۔‘‘

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن تھی۔ انہوں نے خاص طور پر پہلے دس اوورز میں  ناقص فیلڈنگ پر افسوس کا اظہار کیا۔

کیوی کپتان ولیمسن کا کہنا تھا، ''افغانستان نے کھیل کے تمام پہلوؤں میں ہمیں آسانی سے پیچھے چھوڑ دیا۔‘‘

میچ کا احوال

گیانا میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کی۔ اوپنر بلے بازوں رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زردان نے نسبتا‌ مشکل پچ پر 103 رنز کی شراکت داری کی۔

گرباز نے 56 گیندوں پر 80 اور زردان نے 41 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے آخری چھ اوورز میں مسلسل وکٹیں حاصل کر کے افغانستان کا سکور محدود کرنے کی کوشش کی۔

رحمان اللہ گرباز کا انفرادی سکور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم سے بھی زیادہ تھاتصویر: Ramon Espinosa/AP/picture alliance

مقررہ بیس اوورز میں افغانستان کی ٹیم نے چھ وکٹوں نے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ ایک اتفاق یہ بھی ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھی امریکہ کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 159 رنز ہی بنائے تھے، اگرچہ ڈیلس کی پچ گیانا کی نسبت بیٹنگ کے لیے زیادہ ساز گار تھی۔

افغانستان کی بہترین باؤلنگ

نیوزی لینڈ کی ٹیم 160 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتری تو فضل حق فاروقی کی پہلی ہی گیند پر اسے فن ایلن کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان ہوا۔

افغانستان کے سبھی باؤلرز نے نیوزی لینڈ کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ پہلے دس اوورز میں ہی نیوزی لینڈ کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

فضل حق فاروقی نے تین اوورز اور دو گیندوں پر صرف 17 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاروقی نے گزشتہ میچ میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

افغانستان کے کپتان راشد خان کی باؤلنگ کا جادو بھی سر چڑھ کو بولا۔ انہوں نے 17 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے لیے مشکل راہ

نیوزی لینڈ کے لیے اب ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا بہت مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔ افغانستان کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست کے بعد ٹیم کا رن ریٹ منفی چار سے بھی کم رہ چکا ہے۔

ولیمسن نے اپنی ٹیم کی ہر شعبے میں کارکردگی کو ناقص قرار دیاتصویر: Ramon Espinosa/AP/picture alliance

اب کیوی ٹیم کو اگلا میچ شریک میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنا ہے۔ شکست کی صورت میں اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات تقریبا ختم ہو سکتے ہیں۔

ورلڈ کپ میں 'پہلی جیتوں کی بہاریں‘

عالمی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے ابتدائی گروپ میچوں میں اب تک کئی ٹیمیں ریکارڈ بنا چکی ہیں۔

امریکہ نے پہلی مرتبہ پاکستان کو شکست دے دوچار کیا۔

افغانستان نے بھی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی بار کامیابی حاصل کی۔ کینیڈا اور یوگنڈا کی ٹیموں نے بھی پہلی جیت اپنے نام کی۔ بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ مقابلے میں پہلی مرتبہ سری لنکا کو شکست دی۔

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں