1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

11 ستمبر، امريکہ کی قوت مزاحمت اور خود اعتمادی برقرار

12 ستمبر 2011

امريکہ نے گيارہ ستمبر سن2001 کے دہشت گردانہ حملوں کے 10 سال بعد ان ميں ہلاک ہونے والے اپنے تقريباً 3000 ہزار شہريوں کا سوگ منايا ہے۔ گراؤنڈ زيرو پر ہونے والی تقريب باوقار اور متاثرکن تھی۔

11 ستمبر کی ياد ميں تقريب، نائب صدر جو بائيڈن، وزير دفاع ليون پينيٹا اور جوائنٹ چيفس آف اسٹاف مائيک مولن
11 ستمبر کی ياد ميں تقريب، نائب صدر جو بائيڈن، وزير دفاع ليون پينيٹا اور جوائنٹ چيفس آف اسٹاف مائيک مولنتصویر: dapd

 امريکہ نے ايک جذباتی تقريب ميں 11 ستمبر سن 2001 کے دہشت گردانہ حملوں ميں ہلاک ہونے والوں کی ياد منائی ہے۔ اس تاريخ نے مغربی دنيا کو بدل کر رکھ ديا ہے اور سپر پاور امريکہ کی اجتماعی يادداشت پر گہرے زخم لگائے ہيں۔

دہشت گردوں نے نہ صرف تقريباً 3000 امريکی شہريوں کو موت کی نيند سلا ديا، بلکہ اُنہوں نے لاتعداد گھرانوں کوغمناک  کر ديا اور ايک پوری نسل کی نفسيات کو بدل ديا، جو اس سے پہلے تک اپنے ملک اور اپنی سر زمين کوحملوں کی زد سے بالکل محفوظ سمجھتی تھی۔

ليکن دہشت گردوں نے يہ حملے ايک ايسی قوم پر کيے تھے، جو بجا طور پر مزاحمت کی صلاحيت رکھتی ہے  اور جس کی خود اعتمادی کو ان حملوں نے مشکل ہی سے کوئی نقصان پہنچايا ہے۔ 11 ستمبر کی دہشت گردی کے 10 سال پورے ہونے کی اس تقريب ميں جو تقارير کی گئيں، اُن سے بھی واضح طور پر يہی تاثر ملتا ہے۔ امريکہ تبديل تو ہو گيا ہے ليکن جيسا کہ صدر اوباما نے کہا، اُس نے اپنا کردار تبديل نہيں ہونے ديا ہے۔

تقريب ميں آنے والے، ہلاک شدگان کے نام ديکھ رہے ہيںتصویر: dapd

امريکی قوم نے 11 ستمبر کے متاثرين کے سامنے سر خم کيا ہے۔ اُس نے اس دوران عجزوانکساری کا مظاہرہ کيا ہے اور يہ دکھايا ہے کہ اُس کی قوت مزاحمت ٹوٹی نہيں ہے۔ اس کے اظہار کے ليے سابق صدر بش علامتی طور پر صدر اوباما کے پہلو ميں کھڑے تھے۔

اوباما اور بش گراؤنڈ زيرو پرتصویر: picture alliance/dpa

بش نے دہشت گردی کے خلاف جنگ چھيڑی تھی، جس نے بعد کے برسوں ميں عراق اور افغانستان ميں ہزاروں افراد کو موت کی نيند سلا ديا اوراب امريکہ اپنے اقتصادی امکانات کی آخری حدود تک پہنچ چکا ہے۔

يہ نہيں کہا جا سکتا کہ اس جنگ سے دنيا زيادہ محفوظ ہو گئی ہے اور ايک ايسا نيا عالمی نظام وجود ميں آيا ہے، جس ميں مختلف مذاہب کے ماننے والے معاشرے ايک دوسرے کے نزديک آ گئے ہيں۔ 11 ستمبر کے گہرے زخموں نے بعض مذاہب کے ماننے والوں اور بعض معاشروں سے تعلق رکھنے والوں کو اپنا دشمن سمجھنے کے نئے تصورات کو جنم ديا ہے۔

اسلام کی آڑ لينے والے دہشت گرد اپنے مقاصد ميں ناکام ہو گئے ہيں۔ القاعدہ کی دہشت گردی دنيا کو تہہ و بالا نہيں کر سکی ہے ليکن اُس کا مقابلہ کرنے والوں نے بھی اس جنگ ميں گناہ کيے ہيں: گوانتانامو اور ابو غريب اس کی صرف دو مثاليں ہيں۔ بعض مشتبہ افراد کو انسانيت سوز اذيتيں دی گئيں۔

اس دوران گراؤنڈ زيرو پر ايک پر وقار ياد گار تعمير ہو چکی ہے۔ دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں اور اُن کے لواحقين سے ہمدردی ابدی حيثيت حاصل کر چکی ہے۔

امريکہ ميدان ميں ڈٹا ہوا ہے، ليکن وہ اب کبھی بھی 11 ستمبر سن2001 سے قبل والا امريکہ نہيں ہو گا۔

تبصرہ: ڈانئيل شيشکيوٹس، دوئچے ويلے / شہاب احمد صديقی

ادارت: امجد علی      

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں