1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

14 ایرانی سکیورٹی اہلکار پاکستانی سرحد کے قریب اغواء

16 اکتوبر 2018

پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی علاقے سے 14 ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کو اغواء کر لیا گیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اغواء ہونے والوں میں ایرانی انقلابی گارڈز کے انٹیلیجنس افسران بھی شامل ہیں۔

Iran Fahne Flagge
تصویر: Fotolia/aaastocks

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی انقلابی گارڈز نے اغواء کی اس کارروائی کا الزام ’’غیر ملکی طاقتوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں‘‘ پر عائد کيا ہے اور پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کارروائی کریں اور اغواء کیے گئے اہلکاروں کی تلاش میں مدد فراہم کريں۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی IRNA کے مطابق ان سکیورٹی اہلکاروں کو ’’سرحدی علاقے لولاکدان سے دہشت گرد گروپ نے صبح چار سے پانچ بجے کے درمیان اغواء کیا۔‘‘ لولاکدان ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان سے 150 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

ایرانی انقلابی گارڈز نے اس واقعے کے حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ اغواء کی واردات ’’غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے مخالفین نے کی۔‘‘ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’غیر ملکی طاقتوں کے حمایت یافتہ اور ان کے اشاروں پر کام کرنے والے دہشت گرد گروپوں کے ارکان نے یہ کارروائی رشوت اور دھوکہ دہی کے ذریعے اپنے ایجنٹوں سے کروائی۔‘‘

ویب سائٹ پر مزید کہا گیا ہے کہ ذمہ دار افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے اور پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ’سرحد کے قریب سرگرم دہشت گردوں کا خاتمہ کرے‘ اور اغواء شدہ ایرانیوں کی بازیابی میں مدد کرے۔

لولاکدان ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان سے 150 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔تصویر: DW

ایران کی سرکاری نیوز ویب سائٹ ’ینگ جرنسلٹس کلب‘ (YJC) کے مطابق اغواء کیے جانے والے 14 افراد ایک سکیورٹی آپریشن میں شریک تھے۔ ان میں ایران کے ایلیٹ انقلابی گارڈز کے انٹیلیجنس یونٹ کے دو افسران، بسیج ملیشا کے سات اہلکار اور پانچ سرحدی گارڈز شامل ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق تاہم وائی جے سی نے بعد ازاں اس رپورٹ کو اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا۔

اے ایف پی کے مطابق ایران کا صوبہ سیستان بلوچستان طویل عرصے سے ایسے بلوچ علیحدگی پسندوں اور جہادیوں کی کارروائیوں کا نشانہ بنا ہوا ہے جو سرحد پار پاکستانی علاقوں میں مقیم ہیں اور اکثر ایرانی سکیورٹی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

28 ستمبر کو ایرانی سرحدی گارڈز نے کہا تھا کہ انہوں نے ایسے چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا جو غیر قانونی طور پر ایرانی علاقے میں داخل ہوئے تھے۔

ا ب ا / ع س (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں