2014ء: جرمن عوام کے لیے ’ہمت‘ کا سال
31 دسمبر 2013
نئے سال کے روایتی ویڈیو پیغام میں انگیلا میرکل نے جرمن عوام سے کہا کہ وہ اپنے حوصلوں کو اس برس بھی بلند رکھیں۔ انہوں نے نئے سال کو ’ہمت اور حوصلے‘ کا نام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کی اب تک کی ہر کامیابی کے پیچھے عوامی عزم، لگن اور اتحاد کارفرما ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ایک ریاست سرمایہ کاری کر سکتی اور حالات سازگار بنا سکتی ہے۔ لیکن حکومت ملکی عوام کے بغیر کچھ زیادہ حاصل نہیں کر سکتی۔ ہم میں سے ہر کوئی انفرادی اور چھوٹی سطح پر کوششیں کرتا ہے لیکن اس کے ہمارے ملک پر بڑے پیمانے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘‘
جرمن چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ سن 2014ء میں ہر ایک کو ہمت اور حوصلے سے کام لینا ہوگا، ’’جو ایک کمپنی بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ ایک کمپنی بنائے، فنکاروں، کاریگروں اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحتیں بروئے کار لانی چاہییں۔
صحیح راستے پر گامزن
اس موقع پر چانسلر نے اپنی حکومت کے آئندہ ارادوں سے بھی آگاہ کیا۔ سب سے پہلے ان کا کہنا تھا کہ مالی معاملات کو درست کیا جائے گا اور آئندہ نسل کے حوالے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے منصوبوں کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ چانسلر کا کہنا تھاکہ جرمن حکومت خاندان کو ’معاشرے کا دل‘ بنانا چاہتی ہے اور بچوں اور نوجوانوں کو بہترین تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا چاہتی ہے۔
’اچھی خبریں‘
یورپ کے مالی بحران کے حوالے سے گزشتہ برس کے نسبت اس مرتبہ انگیلا میرکل پُرامید نظر آئی ہیں۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کی پوزیشن ’مضبوط‘ نظر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سن 2013ء جرمنی کے لیے ’بہت سی اچھی خبریں‘ لایا ہے۔ ان کے بقول ’’ دو ہزار تیرہ سے پہلے کبھی بھی اتنے جرمنوں کے پاس روزگار نہیں تھا اور اس میں بہت سے لوگ ایسے ہیں، جو رضا کارانہ طور پر مصروف عمل رہے ہیں۔‘‘
میرکل نے جرمنی کی ترقی کے لیے یورپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’ہمارے ملک کی ترقی کا انحصار ہمیشہ اس بات پر ہو گا کہ ہم یورپ میں بھی مسلسل آگے بڑھیں اور ریاستی قرضوں کے بحران کو درحقیقت پائیدار بنیادوں پر ختم کریں۔‘‘
اس سلسلے میں میرکل نے ٹھیک ایک سو سال پہلے شروع ہونے والی پہلی عالمی جنگ اور ربع صدی پہلے دیوار برلن کے خاتمے کا بھی ذکر کیا۔
میرکل نے اپنے اس خطاب میں ان بہت سے امدادی کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے سال 2013ء کے شروع میں آنے والے سیلاب کے دوران بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا تھا۔ میرکل نے کہا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے بڑی تعدادمیں امدادی کارکنوں کو متحرک کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔