1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2014ء فٹبال ورلڈ کپ: جرمنی کو سخت چیلنج کا سامنا

Abid Hussain Qureshi26 مارچ 2013

جرمن ٹیم کے جنرل منیجر بیئر ہوف نے کہا ہے کہ برازیل میں 2014ء میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں جرمنی کی کامیابی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

تصویر: AFP/Getty Images

اُن کے خیال میں اس کی بنیادی وجہ جنوبی امریکہ کی ٹیمیوں کا اپنی سرزمین پر روایتی طور پر اچھا کھیل پیش کرنا ہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ اور دیگر وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے بیئر ہوف کا کہنا تھا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں جرمنی کی کامیابی تقریباﹰ ناممکن ہے۔ ’یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے کافی مشکل ہو گا۔‘

اسپین وہ واحد ٹیم ہے جس کو یورپ سے باہر 2010ء میں جنوبی افریقہ کی سر زمین پر ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

جنوبی امریکہ کے ملک یوراگوائے نے 1930ء میں اپنی سر زمین پر اور 1950ء میں برازیل میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔ 1962ء میں برازیل چلی میں ہونے والے ورلڈ کپ کی صف اول کی ٹیم رہی تھی جبکہ ارجنٹائن نے اپنے ہی ملک میں 1978 ءکا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ 2004ء میں امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں برازیل کی ٹیم فاتح رہی تھی۔

قازقستان کے ساتھ میچ سے قبل جرمن کھلاڑی پریکٹس کر رہے ہیںتصویر: AFP/Getty Images

دریں اثناء، جرمنی کی ٹیم منگل کے روز قازقستان کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کھیل رہی ہے۔ جمعہ کے روز آستانہ میں کھیلے جانے والے پہلے مقابلے میں جرمنی نے قازقستان کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ گروپ سی میں جرمنی پانچ میچ کھیل کر تیرہ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ سویڈن آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

جرمن کوچ یوآخم لوئیو نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی ٹیم قازقستان میں کھیلے جانے والے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرمن ٹیم کو قازقستان کی ٹیم کو دباؤ میں لانے کے لیے پہلے ہاف میں جلد ہی ایک گول کرنا ہو گا۔

یو آخم لوئیو نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اسپین کی ٹیم منگل کے روز فرانس میں کھیلے جانے والے میچ میں ہارنے کے باوجود ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپانوی کھلاڑی اس وقت دباؤ کا شکار ہیں لیکن وہ ورلڈ کپ میں ضرور کھیلیں گے:’’اگر وہ فرانس میں نہ جیت سکے تو اگلے راؤنڈ میں جیت کر ورلڈ کپ میں اپنی جگہ محفوظ کر لیں گے۔‘

یورپ میں گروپ میچوں کی فاتح ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرتی ہیں جبکہ رنر اپس کے درمیان دوسرے مرحلے میں مقابلے کرائے جاتے ہیں جن میں سے چار ٹاپ ٹیموں کا ورلڈ کپ کے لیے انتخاب کیا جاتا ہے۔

zh/aa(Reuters,DPA)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں