1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2021ء تک چانسلر بھی رہوں گی اور پارٹی سربراہ بھی، میرکل

مقبول ملک روئٹرز
12 فروری 2018

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اگلی پارلیمانی مدت کے دوران پورے چار سال تک سربراہ حکومت اور اپنی پارٹی کی سربراہ کے عہدوں پر فائز رہنے کی خواہش مند ہیں۔ میرکل کے مطابق وہ 2021ء تک دونوں عہدوں پر فرائض انجام دیتی رہیں گی۔

چانسلر انگیلا میرکل جرمن ٹی وی چینل زیڈ ڈی ایف کو انٹرویو دیتے ہوئےتصویر: picture-alliance/ZDF/T. Ernst

جرمن دارالحکومت برلن سے پیر بارہ فروری کو موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق انگیلا میرکل نے ایک جرمن ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئی وسیع تر مخلوط حکومت کی سربراہ کے طور پر وہ پورے چار سال، یعنی 2021ء تک وفاقی چانسلر کے عہدے اور اپنی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین یا سی ڈی یو کی سربراہ کے منصب پر فائز رہنا چاہیں گی۔

میرکل چند ہفتوں میں چوتھی بار چانسلر کا عہدہ سنبھالنے والی ہیںتصویر: Getty Images/C. Koall

جرمن حکومتی معاہدے پر یورپی اطمینان: ’منزل یورپ، سفر بحال‘

نئی جرمن حکومت کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا

انگیلا میرکل نے اپنے اس ارادے کی وجہ یہ بتائی کہ گزشتہ ستمبر میں عام الیکشن سے قبل ان کی پارٹی نے اور پھر عام انتخابات میں جرمن  عوام نے یہی فیصلہ کیا تھا۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے اپنے اس ارادے کو جرمن سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان کے آئندہ فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پہلے ایس پی ڈی کے ارکان کو اپنے ہی رہنماؤں کے اس فیصلے کی حمایت کرنا ہو گی کہ سوشل ڈیموکریٹس کو میرکل کی پارٹی کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی قیادت میں برلن میں نئی وفاقی مخلوط حکومت میں شامل ہونا چاہیے۔

نئی جرمن حکومت تین سیاسی جماعتیں مل کر بنائیں گی: سی ڈی یو، ایس پی ڈی اور سی ایس یوتصویر: picture alliance/Photoshot/S. Yuqi

چانسلر میرکل سے جرمن پبلک براڈکاسٹر زیڈ ڈی ایف کے ساتھ ایک انٹرویو میں یہ بھی پوچھا گیا کہ آیا وہ نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اس لیے اپنی جماعت سی ڈی یو کی قیادت چھوڑنے پر بھی غور کر سکتی ہیں کہ اس جماعت کی مستقبل کی قیادت کا معاملہ طے کیا جا سکے؟ اس پر انگیلا میرکل نے کہا، ’’میری رائے میں حکومتی سربراہ اور پارٹی لیڈر، یہ دونوں عہدے ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں اور مستحکم حکومتی کارکردگی کے لیے ان کا ایک  ہی ہاتھ میں ہونا ضروری ہے۔‘‘

حکومت سازی کے لیے کڑے مذاکرات سامنے ہیں، میرکل

میرکل کو چانسلر بننا چاہیے یا نہیں، جرمن عوام منقسم

جرمنی میں ستمبر 2017ء میں ہونے والے انتخابات کے بعد ایک وسیع تر مخلوط حکومت کے قیام کا معاہدہ طے پا چکا ہے اور اس نئی حکومت میں میرکل کی سی ڈی یو، ان کی پارٹی کی ہم خیال جماعت سی ایس یو اور سوشل ڈیموکریٹس کی جماعت ایس پی ڈی شامل ہوں گی۔ لیکن اس معاہدے کی ایس پی ڈی کے لاکھوں ارکان کی طرف توثیق ابھی باقی ہے۔ پارٹی کے عام ارکان کا اس بارے میں فیصلہ مارچ کے اوائل میں سامنے آ سکے گا۔

جرمنی میں نئی مخلوط حکومت سازی کی راہ ہموار

04:34

This browser does not support the video element.

اس پس منظر میں جرمنی میں چند سیاسی تجزیہ نگار یہ اندازے بھی لگا رہے تھے کہ ممکن ہے کہ میرکل مسلسل چوتھی مرتبہ چانسلر بننے کے کچھ عرصے بعد اپنے عہدے کی پارلیمانی مدت پوری نہ کریں اور پارلیمان کے اندر ہی سے اپنی پارٹی کی صفوں سے نئی قیادت کے لیے راہ ہموار کر دیں۔

جرمنی: سیاسی بحران ختم، ایس پی ڈی مخلوط حکومت میں شامل ہو گی

جرمنی میں حکومت سازی کی کوشش: ’سب کچھ یا کچھ بھی نہیں‘

اس تناظر میں انگیلا میرکل نے اپنے انٹرویو میں کل رات بہت واضح موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے گزشتہ انتخابات سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ میں مزید چار سال تک اپنی ذمے داریاں انجام دینے کو تیار ہوں۔ اب نئی حکومت بنی تو میں وہی کروں گی، جو میں نے کہا تھا۔ پورے چار سال تک اپنی ذمے داریوں کی ادائیگی۔‘‘

میرکل نے، جو اب تک مسلسل بارہ برس تک جرمن سربراہ حکومت کے منصب پر فائز رہ چکی ہیں، زور دے کر کہا کہ پارٹی میں ان کی قیادت کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا، اور پھر ’’میرا شمار ایسے انسانوں میں ہوتا ہے، جو اپنے کیے ہوئے وعدے پورے کرتے ہیں۔‘‘

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں