50 ملین ڈالرز کے ہیرےکی تلاش
31 مارچ 2014اتوار 30 مارچ کو سوئٹزرلینڈ کے سرکاری براڈ کاسٹر RTS کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ساؤتھ افریقہ سے تعلق رکھنے والے ہیروں کے ایک تاجر سِلا مُوسیٰ کی طرف سے گزشتہ برس ستمبر میں ایک شکایت درج کرائی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اس کا ایک گلابی ہیرا جس کا وزن 50.66 قیراط ہے وہ اس نے Malca-Amit نامی کمپنی کے پاس محفوظ کرایا تھا جو اب غائب ہو گیا ہے۔ حکام کی طرف سے اس ہیرے کی تلاش کے لیے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے رواں ماہ یعنی مارچ کے وسط میں Malca-Amit نامی کمپنی کے جنیوا میں قائم دفتر کی تلاشی بھی لی تھی۔ یہ کمپنی قیمتی پتھروں اور دیگر قیمتی اشیاء کو اسٹور کرنے اور ان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ محفوظ طریقے سے پہچانے کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس کمپنی کے تین ایڈمنسٹریٹرز سے تفتیش بھی کی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس رپورٹ سے متعلق رد عمل جاننے کے لیے اس کمپنی سے فوری طور پر رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔ تاہم اس کمپنی کے ایک وکیل نے RTS کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کہا، ’’ Malca-Amitمسٹر سِلا مُوسیٰ کے الزامات کو مکمل طور پر رد کرتی ہے۔ یہ کمپنی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے تاکہ اس تاثر کا ازالہ کیا جا سکے کہ یہ کمپنی کسی قسم کے کوئی غیر قانونی کام میں شریک نہیں ہے۔‘‘
مُوسٰی نے جو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے قریب ’سِلا ڈائمنڈ انٹرنیشنل‘ (SDI) نامی کمپنی چلاتے ہیں، یہ مستعطیل شکل کا ہیرا Malca-Amit کے پاس 2007ء میں محفوظ کرایا تھا۔ کیونکہ وہ اس ہیرے کی بہترین قیمت حاصل کرنے کے لیے مناسب وقت کے منتظر تھے۔
تاہم جب گزشتہ برس اگست میں جب انہوں نے اپنا یہ ہیرا دیکھنا چاہا تو، موسٰی کے بقول انہیں بتایا گیا کہ وہ ہیرا تو جنوبی افریقہ میں ایک ایسے بزنس مین کے پاس بھیج دیا گیا ہے جس کے ساتھ وہ کاروبار کرتے رہے ہیں۔ موسیٰ کی طرف سے تحقیقات کے لیے جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق وہ اُسی بزنس مین کو ہی اس جرم کا ماسٹر مائنڈ سمجھتے ہیں۔
مُوسیٰ کے مطابق ہیرے کی منقتلی اس معاہدے کے باوجود کر دی گئی جو انہوں نے 16 اگست 2007ء کوMalca-Amit کے ساتھ کیا تھا اور جس کے مطابق وہ اس ہیرے کے واحد مالک ہیں۔
RTS سے بات کرتے ہوئے سِلا مُوسٰی کا کہنا تھا، ’’میں جنیوا میں گزشتہ چھ ماہ سے ہوں اور میں اس وقت تک یہاں سے نہیں جاؤں گا جب تک میرا ہیرا مجھے مِل نہیں جاتا۔‘‘