1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہر حال میں ایک نئی عالمی جنگ سے بچنا چاہیے، صدر پوٹن

9 مئی 2022

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ یوکرین میں روس کی عسکری کارروائی مغرب کی پالیسیوں کا ردعمل ہے۔ پوٹن کے مطابق ڈونباس خطے میں یوکرینی افواج کے خلاف لڑنے والے فوجی در اصل اپنی سرزمین کا دفاع کر رہے ہیں۔

روسی صدر پوٹن کا ماسکو میں ہزاروں فوجیوں سے خطاب تصویر: Sefa Karacan/AA/picture alliance

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے دوسری عالمی جنگ میں نازیوں کے خلاف ریڈ آرمی کی کامیابی کے 77 سال پورے ہونے کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے نازی جرمنی کے خلاف ریڈ آرمی کی جنگ  کا موازنہ روس کی یوکرین میں عسکری کارروائی سے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین میں روس کی عسکری مہم ممکنہ جارحیت کو کچلنے کا بر وقت اقدام تھا۔

پوٹن کی جانب سے روسی فوجیوں کی تعریف

اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ روسی فوجی ملک کی سکیورٹی کی خاطر یوکرین میں لڑ رہے ہیں۔ تقریب میں یوکرینی جنگ میں ہلاک ہونے والے روسی فوجیوں کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔  پریڈ کے موقع پر روسی صدر نے کہا کہ یوکرین نے نیٹو کے ہتھیاروں کے ذریعے اپنے آپ کو مسلح کر لیا ہے لہٰذا یہ روس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر پوٹن نے وہاں موجود ہزاروں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں روسی فوجی نازیوں کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، '' لیکن یہ انتہائی اہم ہے کہ دنیا کو ایک مرتبہ پھر عالمی جنگ کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بہت کچھ کیا جانا چاہیے۔‘‘

روسی فوجیوں پر یوکرین میں جنسی استحصال کے الزامات

03:01

This browser does not support the video element.

ڈونباس میں سپاہی اپنی زمین کا دفاع کر رہے ہیں، پوٹن

فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا، ''آپ اپنی زمین کا دفاع کر ہے ہیں۔ ہر سپاہی اور فوجی کی ہلاکت ہمارے لیے تکلیف دہ ہے۔ ریاست متاثرہ خاندانوں کا ہر ممکن طریقے سے خیال رکھے گی۔‘‘ روسی صدر نے اپنی تقریر کا اختتام ایک زور دار نعرے کے ساتھ کیا۔ ان کا کہنا تھا، '' روس کے لیے کامیابی۔‘‘

دوسری عالمی جنگ میں نازیوں کے خلاف ریڈ آرمی کی کامیابی کے 77 سال پورے ہونے کے موقع پر ماسکو میں فوجی پریڈ منعقد کی گئیتصویر: Alexander Nemenov/AFP/Getty Images

یوکرینی صدر بھی پر عزم

دوسری جانب یوکرین کے صدر وولوديمير زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ان کا ملک روس کو دوسری عالمی جنگ کی کامیابی کا سہرا نہیں لینے دے گا۔ زیلنسکی نے کہا، ''آج ہم نازیوں کے خلاف کامیابی کا دن منا رہے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے دیگر قوموں کے ساتھ مل کر ہٹلر مخالف اتحاد کے ذریعے نازیوں کو شکست دی۔ اور ہم کسی اور کو اس کامیابی کا سہرا لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘ یوکرینی صدر نے یہ بھی کہا کہ یوکرین کے کئی اضلاع اور شہر روسی حملوں کی زد میں ہیں۔ زیلنسکی کا کہنا تھا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران یوکرین نے ان علاقوں سے نازی فوجیوں کا صفایا کر دیا تھا۔

ب ج، ع س (روئٹرز، ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں